پاکستان نے مالی سال 26-2025 کے پہلے 5 ماہ کے دوران 801.139 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران اس مد میں برآمدات 570.184 ملین ڈالر رہی تھیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں موبائل فون کی درآمدات میں 40.51 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
روپے کی حیثیت سے موبائل فون کی درآمدات کی مجموعی قیمت جولائی تا نومبر 2025 کے دوران 226.133 ارب روپے تھی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 158.518 ارب روپے تھی، جس میں 42.65 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان سے کراچی موبائل فون اسمگلنگ ناکام، 2 ملزمان گرفتار
ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر پاکستان کی موبائل فون کی درآمدات میں 8.30 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر 2025 میں 156.565 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جب کہ اکتوبر 2025 میں یہ 144.563 ملین ڈالر تھیں۔
سال بہ سال موازنہ کرتے ہوئے نومبر 2024 میں 149.378 ملین ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں اس سال 4.81 فیصد کی منفی شرح نمو دیکھی گئی۔
پاکستان نے مالی سال 25-2024 میں 1.494 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے، جو کہ گزشتہ سال 24-2023 میں 1.898 ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 21.31 فیصد کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: اسکولوں میں بچوں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد
روپوں میں، موبائل فون کی درآمدات کی مجموعی قیمت مالی سال 25-2024 کے دوران 417.351 ارب روپے تھی، جو کہ 24-2023 کے اسی عرصے میں 535.690 ارب روپے کے مقابلے میں 22.09 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
مجموعی طور پر، پاکستان میں ٹیلی کام کی درآمدات مالی سال 25-2024 کے دوران 2.099 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو 24-2023 میں 2.366 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.30 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری یا اسمبلنگ کے پلانٹس نے 2025 کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 25.11 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار کیے، جب کہ تجارتی طور پر صرف 1.7 ملین درآمد کیے گئے۔
مزید پڑھیں: ملک بھرمیں موبائل فون سروس کے مسائل پر اراکین اسمبلی کا اظہار ناراضی
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2025 میں 2.33 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیاریا اسمبل کیے گئے، جب کہ تجارتی طور پر صرف 0.2 ملین درآمد کیے گئے۔
ان 25.11 ملین موبائل ہینڈ سیٹس میں 13.2 ملین اسمارٹ فونز اور 11.9 ملین 2 جی فونز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان کے نیٹ ورک پر 70 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں، جبکہ 30 فیصد 2 جی فونز ہیں۔













