لیجنڈری بھارتی اداکار دھرمیندر کے انتقال کے تقریباً ایک ماہ بعد ان کے صاحبزادے اور معروف اداکار سنی دیول نے والد کا وفات سے قبل ریکارڈ کیا گیا ایک جذباتی ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔
سنی دیول نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کی جس میں دھرمیندر اپنی آخری فلم ’اکّیس‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اظہارِ خیال کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں مرحوم اداکار فلم کی ٹیم اور پروڈکشن ہاؤس میڈاک فلمز کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ پر خاندان کا جذباتی پیغام، ان دیکھی تصاویر بھی شیئر کیں
دھرمیندر ویڈیو پیغام میں کہتے ہیں کہ میں میڈاک فلمز کے ساتھ کام کر کے بے حد خوش ہوں۔ پوری ٹیم اور کپتان شری رام جی نے فلم کو نہایت خوبصورت انداز میں مکمل کیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ فلم بھارت اور پاکستان دونوں میں دیکھی جانی چاہیے۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں فلم ’اکّیس‘ کے سیٹ پر کاسٹ اور کریو کے الوداعی لمحات بھی شامل ہیں۔ دھرمیندر نے شوٹنگ کے آخری دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج شوٹنگ کا آخری دن ہے اس لیے دل کچھ اداس ہے۔
اس کے بعد انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے ایک نہایت جذباتی پیغام دیا جس میں محبت کا اظہار کرتے ہوئے معافی بھی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں۔ اگر کہیں کوئی بات یا غلطی ہو گئی ہو تو اس کے لیے معاف کر دیجیے‘۔
یہ بھی پڑھیں: دھرمیندر نے 5 کروڑ مالیت کی آبائی جائیداد بھتیجوں کے نام کیوں کی؟
ویڈیو کے ساتھ سنی دیول نے کیپشن میں لکھا ایک ایسی مسکراہٹ جو اندھیروں کو روشن کر دیتی تھی۔ میرے پاپا سے محبت ہمارے دلوں میں گہرائی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے ہمیں اپنی آخری فلم اکّیس کی صورت میں ایک تحفہ دیا ہے۔ آئیے نئے سال پر سنیما گھروں میں انہیں خراجِ تحسین پیش کریں۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کی آخری فلم اکّیس یکم جنوری 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اداکار کا انتقال 24 نومبر 2025 کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر عمر سے متعلق بیماری کے باعث ہوا۔ ان کی عمر 89 برس تھی۔













