ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت پر دیا گیا طنزیہ ردِعمل سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کررہا ہے۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ جمنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ انہوں نے ایک طنزیہ جملہ بھی تحریر کیا۔
When you find out your ex is getting remarried #PSLNewEra pic.twitter.com/gL00wQQx10
— Ali Khan Tareen (@aliktareen) January 14, 2026
انہوں نے لکھا کہ جب آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی ایکس دوبارہ شادی کرنے جا رہی ہے۔
ان کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آئے، جہاں کئی افراد نے اس مختصر مگر بامعنی جملے کو ملتان سلطانز کی فروخت کے تناظر میں مزاحیہ اور دلچسپ قرار دیا۔
واضح رہے کہ علی ترین ماضی میں ملتان سلطانز کے مالک رہ چکے ہیں اور ان کا یہ ردِعمل فرنچائز کی دوبارہ فروخت کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت سے متعلق معاملات کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز کی فروخت کا باقاعدہ اشتہار جاری کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں اور افراد کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ ملتان سلطانز کے فرنچائز حقوق حاصل کرنے کے لیے اپنی بولیاں جمع کرا سکتے ہیں۔
بورڈ کے مطابق ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی ہے۔













