کوچز کی تربیت کے لیے پی سی بی کے نئے اقدامات، لیول ون سرٹیفکیشن 5 سال تک محدود

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 27-2026 کے سیزن کے لیے کوچ ایجوکیشن شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس میں کوچز کی تربیت اور جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد نئے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق کوچ ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے سربراہ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر شاہد اسلم نے یہ شیڈول قومی ہائی پرفارمنس اہداف اور جدید کرکٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں ڈسپلن کے مبینہ مسائل، پی سی بی کی تحقیقات شروع

شیڈول کے تحت ایک ٹیوٹر ٹریننگ ورکشاپ، لیول ون کے 6 سرٹیفکیشن کورسز، علاقائی کوچز کے لیے لیول ٹو کے 2 کورسز، پی سی بی کے ہائی پرفارمنس کوچز کے لیے لیول تھری کا ایک پروفیشنل کورس شامل ہے۔

اس کے علاوہ خواتین کے لیے خصوصی طور پر لیول ون اور لیول ٹو کے 2 کورسز، لیول ون کے 5 ریفریشر کورسز، اسکول کرکٹ کوچز کے لیے لیول ون کے 2 خصوصی کورسز، مہارت پر مبنی کوچز کے لیے ایک خصوصی کورس اور پہلی بار پی سی بی کوچنگ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔

ملک بھر میں گراس روٹس سطح پر کوچنگ کے طریقہ کار کے جائزے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیول ون کوچنگ سرٹیفکیشن کی مدت 5 سال ہوگی، جس کے بعد کوچ کو دوبارہ سرٹیفکیشن حاصل کرنا ہوگا۔

شیڈول کے تحت پہلی سرگرمی 2 مرحلوں پر مشتمل ٹیوٹر ٹریننگ ورکشاپ ہوگی، اس کا مقصد علاقائی کوچز کو تربیت دینا ہے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لیول ون کوچنگ کورسز کروا سکیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ میں اکھاڑ پچھاڑ، سابق کوچ اور کرکٹرز پی سی بی پر برس پڑے

ورکشاپ کے پہلے مرحلے میں 20 کوچز نے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کی جبکہ دوسرا مرحلہ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔

تربیت حاصل کرنے والے ٹیوٹرز 27-2026 کے سیزن کے دوران مختلف اوقات میں لیول ون کے مجموعی طور پر 6 سرٹیفکیشن کورسز منعقد کریں گے، جس سے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے کوچنگ کے امیدواروں کے لیے کوچ ایجوکیشن تک رسائی آسان ہوگی۔

مزید پڑھیں: ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ

پی سی بی کے مطابق نئے اقدامات میں خواہشمند خواتین کوچز کے لیے صرف خواتین پر مشتمل لیول ون کورسز، لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے اسکول کرکٹ کوچز کے لیے لیول ون کورسز، خصوصی اسکلز کورس اور ہائی پرفارمنس کوچز کے لیے لیول 3 کوچنگ کورس شامل ہیں، اس کے علاوہ پہلی پی سی بی کوچنگ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔

ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ کوچز کو بائیومکینکس کے کورسز کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں تحقیق، تیاری اور کوچنگ میں آئی ٹی کے جدید طریقوں کو شامل کرنے کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کا بڑا ایکشن: کرکٹر حمزہ نذر 2 سال کے لیے معطل، 10 لاکھ روپے جرمانہ

پی سی بی کے ہیڈ آف کوچ ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ شاہد اسلم نے کہا کہ 27-2026 کے سیزن کے لیے جامع کوچ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ شیڈول کا اعلان کرنا خوشی کا باعث ہے۔

’پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے ملک بھر میں مرد، خواتین اور اسکول کرکٹ کوچز کے لیے متعدد نئے اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔‘

مزید پڑھیں: دورہ انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھا جائے، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ

انہوں نے کہا کہ کوچز گراس روٹس سے قومی سطح تک کرکٹ کے پورے نظام کا انتہائی اہم حصہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا بنیادی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ کوچز ہی کھلاڑیوں کے کامیاب کیریئر تشکیل دینے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

شاہد اسلم کا کہنا تھا کہ رواں سیزن پی سی بی کا مقصد کوچز کو جدید کوچنگ تکنیکیوں اور فلسفوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ کرکٹ سفر کے مختلف مراحل میں کھلاڑیوں تک یہ جدید طریقے منتقل کرسکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp