میوزک اور آڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی ایک نیا فیچر پیج میکس متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے جس کا مقصد مطبوعہ کتابوں اور آڈیو بکس کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ قارئین دونوں فارمیٹس کے درمیان بغیر رکاوٹ کے بآسانی منتقل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی کا نیا فیچر صارفین کو کون سی سہولت فراہم کرے گا؟
رپورٹس کے مطابق اسپاٹیفائی اس فیچر کو اپنے موبائل ایپ میں بیٹا ورژن کے طور پر آزما رہا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کے کیمرے سے کسی بھی مطبوعہ کتاب کا صفحہ اسکین کریں گے جس کے بعد اسپاٹیفائی خودکار طور پر آڈیو بک کے عین اسی مقام پر پہنچ جائے گا۔
اسی طرح یہ فیچر الٹا بھی کام کرے گا یعنی آڈیو بک سننے کے دوران صارف کو یہ بتایا جائے گا کہ مطبوعہ کتاب کا کون سا صفحہ اس وقت مطابقت رکھتا ہے۔
پیج میچ کیسے کام کرتا ہے؟
پیج میچ جدید آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن (او سی آر) الگورتھمز استعمال کرتا ہے جو تحریر کو پہچان کر اسے آڈیو بک کے ٹائم لائن کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہیں۔
اسپاٹیفائی کے کوڈ اسٹرنگز کے مطابق یہ فیچر صارفین کو کتاب اور آڈیو بک کے درمیان اپنی پڑھنے اور سننے کی پیشرفت کو آپس میں میچ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اگر سسٹم متن پڑھنے میں ناکام ہو جائے تو صارف سے کسی دوسرے صفحے کو اسکین کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
مزید پڑھیے: 2024 کی بہترین انگریزی کتابوں میں سے آپ نے کون سی کتاب پڑھی؟
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر نہ صرف مطبوعہ کتابوں بلکہ ای بکس کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے تاہم صارف کو پہلے اس آڈیو بک کو ان لاک یا خریدنا ہوگا جو اسپاٹیفائی پر دستیاب ہو۔ ایک بار پیئرنگ مکمل ہونے کے بعد پڑھنے کی پیشرفت صارف کی لائبریری میں محفوظ ہو جائے گی جسے بعد میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
پیج میچ اسپاٹیفائی کی آڈیو بکس سے متعلق توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اگرچہ ایمیزون پہلے ہی ای بکس اور آڈیو بکس کو آپس میں جوڑ چکا ہے تاہم اسپاٹیفائی اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے مطبوعہ کتابوں کو بھی اس نظام میں شامل کر رہا ہے۔
یہ فیچر خاص طور پر ان قارئین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو کتابیں ہاتھ میں پکڑ کر پڑھنا پسند کرتے ہیں لیکن سفر یا آمدورفت کے دوران آڈیو بکس سنتے ہیں۔
مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کی کتاب ’دی وومن ان می‘ فروخت کے ریکارڈ توڑ سکے گی؟
اطلاعات کے مطابق پیج میچ فیچر کا آغاز ابتدائی طور پر انہی ممالک میں متوقع ہے جہاں اسپاٹیفائی آڈیو بکس پہلے ہی متعارف کرائے جا چکے ہیں جن میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپ کے بیشتر ممالک شامل ہیں۔














