9 سالہ محبت شادی کے محض 2 ماہ بعد کیسے موت کے گھاٹ اترگئی؟

پیر 2 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی سے سامنے آنے والا یہ واقعہ ایک ایسی محبت کی کہانی کا انجام ہے جو 9 سال تک چلی، شادی پر منتج ہوئی، مگر صرف 2 ماہ بعد  موت کے گھاٹ اتر گئی۔

یہ کہانی ہے 33 سالہ جتیندر کمار یادو اور اس کی اہلیہ جیوتی کی، جن کی شادی 25 نومبر 2025 کو ہندو رسم و رواج کے مطابق، دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی تھی۔

کوئی یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ جس رشتے کی بنیاد محبت پر رکھی گئی ہو، وہ اتنی جلدی نفرت اور تشدد میں بدل جائے گا۔

شادی کے بعد بدلتے حالات

پولیس کے مطابق، شادی کے چند ہی ہفتوں بعد میاں بیوی کے تعلقات میں دراڑیں پڑنے لگیں۔ بنیادی وجہ پیسوں کا تنازعہ تھا۔ الزام ہے کہ جتیندر نے اپنی بیوی جیوتی کے بینک اکاؤنٹ سے 20 ہزار روپے نکلوائے اور یہ رقم آن لائن جوئے میں ہار گیا۔

یہ بھی پڑھیے 32 سالہ خاتون شادی نہ ہونے پر ساتھی کے ہاتھوں قتل، تحقیقات جاری

یہ نقصان جیوتی کے لیے ناقابلِ برداشت تھا۔ اس کے بعد بات بات پر جھگڑے ہونے لگے، تلخی بڑھتی گئی اور محبت کا رشتہ بداعتمادی میں بدلنے لگا۔

26 جنوری: جھگڑا، فون کال اور موت

26 جنوری کو جیوتی نے اپنے شوہر سے گمشدہ رقم کے بارے میں سوال کیا۔ بات بڑھتے بڑھتے جھگڑے اور پھر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اسی دوران جیوتی نے اپنے والد کالی چرن، والدہ چمیلی اور بھائی دیپک کو فون کر کے گھر بلا لیا۔

یہ مکان بریلی کے عزت نگر علاقے کی گرِجا شنکر کالونی میں واقع تھا، جہاں شادی کے بعد سے یہ جوڑا کرائے پر رہ رہا تھا۔

گلا دبایا گیا، جسم لٹکایا گیا

پولیس کی تفتیش کے مطابق، جیوتی کے والدین اور بھائی کے پہنچنے کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ الزام ہے کہ والد، والدہ اور بھائی نے جتیندر کے ہاتھ پاؤں پکڑ لیے، جبکہ جیوتی نے اپنے شوہر کا گلا دبایا۔

جب جتیندر نے حرکت بند کر دی اور جان چلی گئی، تو معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔

خودکشی کا ڈرامہ

قتل کے بعد ملزمان نے جرم کو چھپانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق، جتیندر کی لاش کو ایک مفلر کی مدد سے کھڑکی یا وینٹی لیٹر کی گرِل سے لٹکا دیا گیا تاکہ یہ منظر خودکشی لگے۔

پڑوسیوں کو بتایا گیا کہ جتیندر نے اپنے آپ کو پھانسی لگا کر جان دے دی ہے۔ پولیس کو بھی ابتدا میں یہی بتایا گیا ،چنانچہ موقع پر پہنچنے والی ٹیم نے موت کو مشتبہ خودکشی تصور کیا۔

پوسٹ مارٹم نے راز کھول دیا

کہانی اس وقت پلٹی جب جتیندر کے بھائی اجے کمار نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس کی بنیاد پر پوسٹ مارٹم کرایا گیا، جس کی رپورٹ نے سب کچھ بدل دیا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ موت کی وجہ پھانسی نہیں بلکہ گلا دبانا (Strangulation) تھی۔ یوں خودکشی کا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔

الزام خودکشی پر اکسانے سے قتل تک

پہلے پولیس نے معاملہ خودکشی پر اکسانے کا درج کیا تھا، مگر پوسٹ مارٹم کے بعد دفعات بدل کر قتل کی کر دی گئیں۔ تحقیقات تیز کی گئیں اور جیوٹی، اس کے والدین کو گرفتار کر لیا گیا۔

جیوتی کا بھائی دیپک بھی نامزد ملزم ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

اعترافِ جرم

پولیس کے مطابق، تفتیش کے دوران جیوتی نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اور جتیندر طالب علمی کے زمانے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ جتیندر بریلی کے انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (IVRI) میں کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا، جبکہ جیوتی اتر پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں کنڈکٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیے ’تمہاری بہن کو مار رہا ہوں‘، لیڈی پولیس کمانڈو شوہر کے ہاتھوں قتل

اس نے اعتراف کیا کہ مالی جھگڑوں نے اسے شدید غصے میں مبتلا کر دیا اور اسی غصے میں اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

ایک سوالیہ نشان

یہ واقعہ کئی سوال چھوڑ جاتا ہے۔ کیا محبت شادی کے بعد اتنی آسانی سے نفرت میں بدل سکتی ہے؟ کیا وقتی غصہ انسان کو قاتل بنا دیتا ہے؟ اور کیا خاندان، بیٹی کا ساتھ دیتے دیتے اتنی بڑی حد پار کر سکتا ہے؟

بریلی کا یہ واقعہ صرف ایک قتل نہیں، بلکہ ایک تلخ سبق ہے کہ غصہ، لالچ اور تشدد مل کر محبت کی سب سے مضبوط کہانی کا گلا کیسے گھونٹ دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے 12 ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کر لیا

’رمضان سے پہلے نازیبا ساڑھیاں اور اب سر پر ڈوپٹا؟‘ لائیو کالر کا جویریہ سعود سے سخت سوال

دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت خطرے میں، آئی پی ایل روابط آڑے آگئے

حکومتی مراعات: ایپل کمپنی پاکستان میں آئی فون تیار کرے گی

ہاکی کی بحالی کا مشن شروع، ایڈہاک صدر نے پی ایچ ایف میں بڑی اصلاحات کا اعلان کردیا

ویڈیو

ٹوڈے بائٹس رمضان فیسٹیول، ریاض میں افطار کے لیے فیملیز کی پسندیدہ منزل

پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے واقعی سنجیدہ ہے؟

وزیرستان کی کم عمر کرکٹر آئینہ جو محنت کی پچ پر کامیابی کی اننگز کھیلنا چاہتی ہیں

کالم / تجزیہ

مجھے سب ہے یاد ذرا ذرا

عماد وسیم کی دوسری شادی پر ہنگامہ کیوں؟

بنگلہ دیشی الیکشن، اور سونے کی درست ترتیب