عمران خان کی صحت تشویش کا باعث، بیرسٹر گوہر سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات

جمعہ 6 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی ہے، انہوں نے یادداشت پیش کی جس پر تمام پی ٹی آئی پارلیمنٹیرنز کے دستخط تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا تھا پمز ہسپتال والے آپ کو میڈیکل رپورٹ دیں گے لیکن وہ ابھی تک نہیں دی گئی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی صحت، زیرِ التوا مقدمات اور عدالتی کارروائیوں میں تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ علامہ راجہ ناصر عباس نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بسنت فیسٹیول پر سوالات اٹھا دیے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف کی صحت پورے ملک کے لیے کنسرن ہے اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وہ اب تک 16 مرتبہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کر چکے ہیں جبکہ یہ ان کی 10ویں مرتبہ سپریم کورٹ میں حاضری ہے، مگر اس کے باوجود مقدمات مقرر نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جنوری کو فیصلہ ہو چکا تھا، تاہم تاحال کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے پی ٹی آئی 8 فروری کی ہڑتال کامیاب بنانے کے لیے کیا تیاریاں کر رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل رولز کے تحت قیدی کے اہلِ خانہ اور معالج کو اس کی صحت کے بارے میں باقاعدہ آگاہ کرنا لازم ہے، مگر بانی کے علاج کے معاملے پر جھوٹ بولا گیا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق پہلے کہا گیا کہ علاج نہیں ہوا، بعد ازاں علاج تسلیم کیا گیا مگر اس کے دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ انہوں نے آئینی عدالت کا کوئی بائیکاٹ نہیں کیا تاہم 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر ان کے شدید تحفظات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے ان کے تمام فوجداری مقدمات زیرِ التوا ہیں اور عدالتِ عظمیٰ سے استدعا ہے کہ انصاف دہلیز پر ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تک رسائی کے لیے چیف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے اور ملاقات جس ادارے یا شخص کی ذمہ داری ہے، اسے عدالتی حکم پر عمل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی کا معاملہ نہایت سنجیدہ ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیے  بی ایل اے کو بھارت کی سرپرستی حاصل، بھرپور کارروائی ہونی چاہیے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آج پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام پارلیمنٹیرینز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنا عدالتوں کی ذمہ داری ہے اور ماضی میں سپریم کورٹ میں جب لوگ شکایت کرتے تھے کہ مقدمہ مقرر نہیں ہو رہا تو چیف جسٹس ازخود کیس مقرر کر دیا کرتے تھے، مگر آج ان کے مقدمات مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات

اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آئے روز افسوسناک واقعات پیش آ رہے ہیں، لوگوں کے گھروں میں میتیں پڑی ہیں اور پورا علاقہ سوگ کی کیفیت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں بسنت کے فیسٹیول منانا سمجھ سے بالاتر ہے اور اس پر سنجیدہ قومی غور و فکر کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں یادداشت پیش کی جس پر تمام پی ٹی آئی پارلیمنٹیرنز کے دستخط تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا تھا پمز ہسپتال والے آپ کو میڈیکل رپورٹ دیں گے لیکن وہ ابھی تک نہیں دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp