شانگلہ میں افسوسناک سانحہ، مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 بچے جاں بحق

منگل 2 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ضلع شانگلہ کی تحصیل الپوری میں کچے مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک واقعہ منگل کی صبح رحیم آباد بسی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں گھر کی چھت اچانک منہدم ہونے سے 7 بچے ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ایک گھنٹے کے اندر تمام متاثرہ بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا، تاہم 6 بچے جانبر نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام: رحیم یار خان میں امداد لینے آئی 9 خواتین چھت گرنے سے ہلاک

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت تمام بچے گھر میں سو رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ ناظرہ بی بی، 13 سالہ سمیرا بی بی، 12 سالہ عمیرہ، 7 سالہ نیاب، 5 سالہ رضوان اللہ اور 5 سالہ حیا نور شامل ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والی 11 سالہ مروہ کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل علاقہ اور مقامی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے شادی والے گھر میں صف ماتم، چارسدہ میں چھت گر گئی، 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع چارسدہ کے علاقے پرانگ ماجوکی میں بھی مکان کی چھت گرنے کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 بچے جاں بحق جبکہ میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp