بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر انڈر‑19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت نے ریکارڈ ہدف حاصل کرکے افغانستان کو شکست دے دی، فائنل میں 10ویں بار رسائی
یہ بھارت کا ریکارڈ چھٹا آئی سی سی انڈر‑19 ورلڈ کپ ٹائٹل ہے جس سے انڈر 19 کرکٹ میں بھی اس کی بالادستی مزید مضبوط ہوگئی ہے۔
جمعے کو فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں پر 411 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا۔
نوجوان بیٹسمین ویبھاو سوریانوشی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 80 گیندوں پر 175 رنز بنا کر ٹیم کو بڑی پوزیشن دلائی۔
ایوش مہترے نے بھی 51 گیندوں پر 53 رنز کا مضبوط ساتھ دیا۔
مزید پڑھیے: آئی سی سی نے بہترین کرکٹرز آف دی ایئر کا اعلان کردیا
جواب میں انگلش ٹیم نے اچھا آغاز کیا جس میں اوپنر بین ڈاکنز نے نصف سنچری بنائی۔ تھامس ریو اور بین مائس نے بھی تیز شاٹس کھیل کر ٹیم کو مستحکم موقع فراہم کیا لیکن میچ کے درمیانے اوورز میں وکٹیں گرنے سے انگلینڈ 177/7 تک محدود ہوگیا۔
بعد ازاں کیلیب فالکونر نے 67 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر وہ بھارت کی طرف سے بنائے گئے 411 رنز کے ہدف کے خلاف کافی ثابت نہ ہو سکی۔
انگلینڈ کی ٹیم 311 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے 100 رنز سے زبردست فتح حاصل کی۔
نوجوان کرکٹ میں بھارت کا تسلط
بھارت نے اب تک انڈر‑19 ورلڈ کپ میں ریکارڈ 6 ٹائٹل جیتے ہیں جو نوجوان سطح پر اس کی مضبوط کرکٹ ساخت کا ثبوت ہیں۔
یہ کامیابی خاص طور پر مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کی فتح کے بعد معنی خیز ہے۔ وہ معرکہ بھارت نے جنوبی افریقہ کو فائنل میں شکست دے کر جیتا تھا۔
معاملہ صرف یہیں تک نہیں بلکہ آئی سی سی ویمنز(50 اوورز) ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل بھی بھارت کے ہی پاس ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ جیت لیا، جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں کو کتنی انعامی رقم ملی؟
بھارتی خواتین نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتا تھا۔














