سری لنکا کرکٹ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کے روز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان مقابلہ شائقین کے لیے مفت ہوگا۔
یہ میچ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سپر 8 کی لڑائی، پاکستان آج نمیبیا کے خلاف اہم میچ کھیلے گا، بارش ہوئی تو کیا ہوگا؟
سری لنکا کرکٹ کے بیان کے مطابق ایونٹ کے دوران اس مقام پر کھیلا جانے والا یہ آخری میچ ہوگا اور شائقین کو بغیر ٹکٹ داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
’گراؤنڈ کے گیٹ نمبر 5 اور 7 مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھول دیے جائیں گے، جبکہ میچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا۔‘
Pakistan one step away from the Super 8 as Namibia stand in their path at SSC.
Match Link 👉 https://t.co/qGtKMgqHfy#T20WorldCup #ThePapare pic.twitter.com/oJ5zXhkxyz
— ThePapare (@ThePapareSports) February 18, 2026
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس سی گراؤنڈ، کولمبو میں جاری ورلڈ کپ کے دوران یہ 5واں میچ ہوگا، جبکہ اسی مقام پر ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ اور پہلا ڈے اینڈ نائٹ انٹرنیشنل میچ بھی منعقد کیا جا چکا ہے، جس سے گراؤنڈ پہلے ہی تاریخ رقم کر چکا ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق میچ بارش سے متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ تقریباً 60 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس وقت علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو 30 ڈگری محسوس ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت سے شکست: پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے لیے نمیبیا کے خلاف میچ جیتنا ہوگا
شمالی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کے جھکڑ 37 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا رہے ہیں۔
یہ میچ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ گروپ اے میں سپر ایٹس مرحلے تک رسائی کے لیے پاکستان کو یہ میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنا ہوگی۔
دوسری جانب اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو پوائنٹس کی تقسیم کے نتیجے میں پاکستان کے 5 پوائنٹس ہو جائیں گے۔
اس صورت میں دوسرے نمبر پر موجود امریکا کی کرکٹ ٹیم سے ایک پوائنٹ زیادہ ہوں گے، یوں پاکستان سپر ایٹس کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔














