نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث مارچ تا ستمبر کے دوران ہیٹ ویو اور گلشیئر کے تیز پگھلنے کے خدشات پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث گلیشیئر سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، پی ایم ڈی کی وارننگ
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کی نگرانی جاری ہے۔
مارچ سے جون کے دوران تیزی سے پگھلنے والے گلشیئر کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، جس سے آبادیوں اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
متاثرہ ممکنہ علاقے گلگت بلتستان میں احمد آباد، فیض آباد، مجاور، وادی اشکومن، گلکن، گلمت، بوبر اور اوہند شامل ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں ریشون، کمراٹ، یارخن ویلی، لشٹ، استاچ، ڈزق اور بریپ کے علاقے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: دریائے کابل پر سیلاب کا خدشہ، فیڈرل فلڈ کمیشن کا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی انخلا کے لائحہ عمل تیار کرنے اور پیشگی انتباہی نظام فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔













