معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے ان کے فیصلے نے ایک وقت میں ان کے اور ان کے والد کے درمیان شدید اختلافات پیدا کر دیے تھے جس کے باعث ان کے والد نے تقریباً ایک سال تک ان سے بات نہیں کی۔
ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے یشما گل نے بتایا کہ آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب وہ پاکستان واپس آئیں اور اداکاری کو بطور پیشہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تو یہ ان کے والد کو پسند نہیں آیا کیونکہ ان کے والد کو شوبز انڈسٹری کے بارے میں کئی خدشات تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یشما گل کی ہانیہ عامر کو شادی کی پیشکش، اداکارہ کا جواب بھی سامنے آگیا
اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے باقاعدہ طور پر ٹی وی ڈراموں میں کام شروع کیا تو گھر میں کشیدگی مزید بڑھ گئی اور ان کے والد نے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے تقریباً ایک سال تک ان سے گفتگو نہیں کی۔
یشما گل نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران دونوں کے درمیان پیدا ہونے والی خاموشی ٹوٹنا شروع ہوئی۔ انہوں نے والد کو سلام کیا تو انہوں نے جواب دیا اور یوں دونوں کے درمیان جمی برف پگھلنا شروع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر اور یشما گل کے مختصر لباس پر تنقید؟ حنا بیات کا وضاحتی بیان آگیا
انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں جب انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کا ارادہ کیا تو انہیں سفر کے لیے ایک محرم کی ضرورت تھی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے والد سے ساتھ چلنے کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
اداکارہ کے مطابق یہ سفر ان کے تعلقات میں مثبت تبدیلی کا سبب بنا۔ اس دوران ان کے والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو اس کے کام کی وجہ سے پہچانتے اور احترام سے پیش آتے ہیں جس کے بعد ان کا نقطۂ نظر بتدریج تبدیل ہونا شروع ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکاری نہیں چھوڑی، اداکارہ یشما گل کی ڈاکٹر ذاکر نائیک کے جواب پر وضاحت
یشما گل کا کہنا تھا کہ اس تجربے کے بعد ان کے والد کو محسوس ہوا کہ شاید ان کی بیٹی نے درست راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد سے ان کے اور ان کے والد کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئے ہیں۔














