احمدآباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے دوران اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں صفائی کی ناقص صورتحال سامنے آ گئی جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر ایک بھارتی صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اسٹیڈیم کی خالی کرسیوں پر گندگی کے ڈھیر دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ نے انتظامات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ وہ ہزاروں روپے کے مہنگے ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے آئے ہیں لیکن انہیں گندی کرسیوں پر بیٹھنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
View this post on Instagram
صارف نے گندی کرسیوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پوری لائن میں یہی صورتحال ہے اور اس لائن میں سو سے زائد افراد بیٹھیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مہنگے داموں ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو ایسی کرسیوں پر بیٹھنا پڑے گا؟
صارف نے مزید کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے اور شائقین بہتر مہمان نوازی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی اور بی سی سی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسٹیڈیم کی صفائی اور دیکھ بھال پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کے باوجود اگر اس کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو یہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: بھارتی شہری نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ناقص انتظامات اور گندگی کا پول کھول دیا، ویڈیو وائرل
ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے انتظامیہ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت کے بڑے اسپورٹس وینیوز میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی شکایات سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل بھی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ایک میچ کے دوران ایک بھارتی صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اسٹیڈیم کے بیت الخلا کی ابتر حالت، گندے فرش اور ناقابلِ برداشت بدبو کی شکایت کی گئی۔ صارف کے مطابق بیت الخلا میں صفائی کے لیے کوئی عملہ موجود نہیں تھا جس کے باعث وہاں کھڑا ہونا بھی دشوار تھا۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں پینے کے پانی کی قلت بھی نمایاں دکھائی دی جہاں شائقین کو محدود پانی کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں انتظار کرتے دیکھا گیا۔ صارف کا کہنا تھا کہ جو پانی شائقین کو پلایا جا رہ اہے اسے کوور بھی نہیں کیا گیا اور پھر یہی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے ابتدائی پندرہ اوورز کے اندر ہی متعدد تماشائی خراب انتظامات سے تنگ آ کر اسٹیڈیم چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔













