خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کو بھی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد صوبے میں اسکول، کالجز اور جامعات مجموعی طور پر ہفتے میں 4 دن کھلے رہیں گے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر کے نجی اور سرکاری اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کابینہ کی تجاویز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں میں جہاں ممکن ہو آن لائن یا ہائبرڈ کلاسز کا نظام اپنایا جائے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق یہ اقدام ایندھن کے بحران اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اٹھایا گیا ہے تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔












