سعودی عرب: کنگ فیصل اسپتال نے کڈنی پیئرڈ ڈونیشن ٹرانسپلانٹس میں عالمی اعزاز حاصل کر لیا

جمعہ 13 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے 2025 میں ایک سال کے دوران ایک ہی مرکز پر سب سے زیادہ کڈنی پیئرڈ ڈونیشن ٹرانسپلانٹس انجام دے کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

پیئرڈ ایکسچینج یا جوڑی کی بنیاد پر پیوندکاری میں 2 زندہ عطیہ دہندگان اور 2 مریض شامل ہوتے ہیں۔

اگر ایک جوڑی کا مریض دوسری جوڑی کے عطیہ دہندہ کے ساتھ مطابقت رکھتا ہو اور دوسری جوڑی کا مریض پہلے عطیہ دہندہ کے ساتھ مطابقت رکھتا ہو تو دونوں کے درمیان گردوں کا تبادلہ کر کے بیک وقت 2 پیوندکاریاں کی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں رمضان: ثقافت، روحانیت اور یکجہتی کو سمجھنے کا بہترین موقع

اسپتال کے مطابق اس نے 2025 کے دوران 130 پیئرڈ کڈنی ٹرانسپلانٹس مکمل کیے، جو امریکا کے سب سے زیادہ ٹرانسپلانٹس کرنے والے واحد مرکز کے مقابلے میں 36 ٹرانسپلانٹس زیادہ ہیں۔

امریکا کے اسی مرکز میں ایک سال میں 94 پیوندکاریاں کی گئی تھیں۔

اسپتال کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی 2016 میں پروگرام کے آغاز کے بعد اس کی مسلسل ترقی کا نتیجہ ہے، جس کے بعد 2025 کے اختتام تک اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 691 کڈنی پیئرڈ ٹرانسپلانٹس انجام دیے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا تاریخی شہر قُرح: العُلا کی تہذیبی و تجارتی روایت کا آئینہ

اسپتال کے آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر آف ایکسیلنس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیٹر بروئرنگ کے مطابق پیئرڈ کڈنی ڈونیشن ایسے مریضوں کے لیے پیوندکاری تک رسائی بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے جنہیں موزوں عطیہ دہندہ تلاش کرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سنگِ میل ایک مربوط نظام کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے جس میں جدید امیونولوجی ٹیسٹنگ، منظم ایکسچینج چینز اور انتہائی ماہر کثیر شعبہ جاتی ٹیمیں مل کر محفوظ اور مؤثر پیوندکاری کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔

مرکز میں درست مطابقت کے لیے جدید امیونولوجی لیبارٹریاں، پیچیدہ ایکسچینج چینز کے انتظام کے لیے مربوط نظام اور ماہر طبی ٹیمیں کام کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پہلی بار صحرائی بلیوں کو جی پی ایس کالر پہنائے گئے، عالمی سطح پر منفرد سائنسی پیشرفت

ان ٹیموں میں ٹرانسپلانٹ فزیشنز، سرجنز، اینستھیزیولوجسٹ، ٹرانسپلانٹ کوآرڈینیٹرز، نرسنگ اسٹاف اور ہسٹو کمپٹیبیلٹی لیبارٹری کے ماہرین شامل ہیں۔

کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کو 2026 کے لیے دنیا کے 250 بہترین اکیڈمک میڈیکل سینٹرز میں مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں پہلی جبکہ عالمی سطح پر 12ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔

اسی طرح 2025 میں برانڈ فائنانس نے اسے مشرقِ وسطیٰ کا سب سے قیمتی ہیلتھ کیئر برانڈ قرار دیا، جبکہ نیوز ویک بھی اسے دنیا کے بہترین اسپتالوں میں شامل کر چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp