پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار اور اداکار عمیر جسوال نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑے ایک حساس معاملے پر سوشل میڈیا کے ذریعے اشارہ دیتے ہوئے مبینہ دھوکہ دہی کے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کی حالیہ پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام
عمیر جسوال پاکستان کے معروف موسیقار، گلوکار اور اداکار ہیں جو اپنی منفرد گلوکاری اور اداکاری کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مقبول میوزک شو کوک اسٹوڈیو میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے مداحوں کو متاثر کیا، جہاں انہوں نے ’چرخہ نہیں لکھا‘ اور ’سمی میری وار‘ جیسے مقبول گانے پیش کیے۔
اس کے علاوہ وہ فلم ’مور‘ اور ’یلغار‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
ثنا جاوید سے شادی اور بعد کی صورتحال
یاد رہے کہ سال 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران عمیر جسوال نے معروف اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اس تقریب میں صرف قریبی اہل خانہ اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔
شادی کے بعد یہ جوڑی مختلف تقریبات اور شوبز ایونٹس میں ایک ساتھ نظر آتی رہی اور مداحوں میں خاصی مقبول بھی رہی۔
تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی اور خاموشی کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

شعیب ملک سے اچانک شادی نے مداحوں کو چونکا دیا
جنوری 2024 میں اداکارہ ثنا جاوید اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اچانک اپنی شادی کا اعلان کر دیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس اعلان کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا کیونکہ بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ اس وقت تک دونوں اپنے اپنے سابق پارٹنرز سے باضابطہ علیحدگی کے حوالے سے واضح اعلان نہیں کر چکے تھے۔
عمیر جسوال کی معنی خیز انسٹاگرام پوسٹ
حالیہ دنوں میں عمیر جسوال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک معنی خیز اقتباس شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا:
معذرت، اگر آپ اپنے ساتھی کو دھوکہ دیتے ہیں تو آپ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ ہمیں 2026 میں اسے معمول پر لانا چاہیے۔
مداح اس پوسٹ کو عمیر جسوال کی ذاتی زندگی میں پیش آنے والے تجربے سے جوڑ رہے ہیں اور اسے مبینہ دھوکہ دہی کی جانب اشارہ قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے شعیب ملک کی دوسری بیوی کون ہیں؟
پوسٹ میں ایسے مردوں اور عورتوں کے بائیکاٹ کی بات بھی کی گئی ہے جو اپنے شریک حیات کو دھوکہ دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کا ردعمل
سوشل میڈیا پر عمیر جسوال کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کسی بھی رشتے میں دھوکہ دہی ناقابل قبول ہے اور معاشرے کو اس کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید یا شعیب ملک کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی نیا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا پر اس موضوع پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔














