پنجاب حکومت کی عیدالفطر اور یوم پاکستان کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت

بدھ 18 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے عیدالفطر اور یوم پاکستان کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 50 واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور کو بلال یاسین نے کی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی کے قریب 2 مشتبہ ڈرونز کو مار گرایا گیا، سیکیورٹی ذرائع

اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین، سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبے بھر میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور رمضان المبارک، یوم علی اور یوم القدس کے دوران انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

کابینہ کمیٹی نے عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی مفصل جائزہ لیا اور صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے ہدایت دی کہ عید کے دوران عوامی مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے اجتماعات پر مکمل سیکیورٹی کور فراہم کیا جائے، اور عارضی مکینیکل جھولوں، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ پر پابندی سختی سے نافذ کی جائے۔

علاوہ ازیں پنجاب بھر میں ڈرون اُڑانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے 37 میچز کے دوران لاہور، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ میچز 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہیں گے۔

علاوہ ازیں میانوالی چیک پوسٹوں پر رینجرز کی 2 کمپنیوں کی تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی، اور بکھر حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لیے امدادی رقم کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور موجودہ پاک افغان کشیدہ صورتحال میں عوام سے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین کابینہ کمیٹی بلال یاسین نے ہدایت دی کہ تمام اضلاع محکمہ داخلہ کی جاری کردہ سیکیورٹی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اور خواتین نمازیوں کے لیے عبادت گاہوں پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ امن کمیٹیاں پوری طرح متحرک رہیں اور بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ راہنماؤں سے رابطے جاری رکھے جائیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں یوم القدس: سیکیورٹی خدشات کے باعث کون سی سڑکیں بند، کون سے راستے کھلے؟

سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ نمازِ عید کے دوران تین درجاتی فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، تمام شہروں اور بین الصوبائی داخلی و خارجی راستوں پر حفاظتی چیک پوسٹس قائم کی جائیں، اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی نافذ کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp