25 مارچ 1992 کا تاریخی دن: جب پاکستان پہلی بار ورلڈ کپ چیمپیئن بنا

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

25 مارچ 1992 پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا یادگار ترین دن ہے۔ اس روز پاکستان ون ڈے کرکٹ کا فاتح عالم بنا تھا۔ آج 34 سال گزر جانے کے باوجود شاید ہی کوئی ایسا موقع ہو جب 1992 کے عالمی کپ کی جیت کو کسی نے یاد نہ کیا ہو۔ اس عالمی کپ کی جیت کو پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے یادگار لمحہ کہا جاتا ہے۔

آج پاکستان کو پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنے 34 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اسی دن کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور قوم کو ایک ایسی خوشی دی جو آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اس موقع کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ  آج کے دن 1992 میں پاکستان نے پہلی بار عالمی کپ اپنے نام کیا۔ فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان کی ٹیم عمران خان (کپتان)، عامر سہیل، عاقب جاوید، اعجاز احمد، انضمام الحق، اقبال سکندر، جاوید میانداد، معین خان (وکٹ کیپر)، مشتاق احمد، رمیز راجا، سلیم ملک، وسیم اکرم، وسیم حیدر اور نوجوان زاہد فضل پر مشتمل تھی جبکہ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم تھے۔

1992 کے عالمی کپ میں کیا ہوا تھا؟

1992 کا ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہوا تھا۔ پاکستانی ٹیم کا سفر میلبرن سے شروع ہوا تھا۔ پہلے راؤنڈ میں پاکستان نے 8 میچ کھیلے جن میں سے 4 میں کامیابی ملی جبکہ انگلیںڈ کے خلاف کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا اور یوں دونوں ہی ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔

انگلیںڈ کے خلاف میچ میں ہونے والی یہ بارش پاکستان کے لیے رحمت کی بارش ثابت ہوئی کیونکہ بظاہر اس میچ میں پاکستان کی شکست یقینی تھی لیکن ایک پوائنٹ ملنے سے پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرگیا جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ اور عمران خان

یہ میچ اس لیے اہمیت اختیار کرگیا تھا کہ پہلے راؤنڈ میں نیوزی لیںڈ صرف ایک میچ ہارا تھا اور وہ شکست اسے پاکستان کے خلاف ہوئی تھی، لہٰذا یہ دیکھنا اہم بن گیا تھا کہ کیا نیوزی لیںڈ اس شکست کا بدلا لے سکے گا یا نہیں، مگر اس بار بھی پاکستان نے انضمام الحق، جاوید میانداد، عمران خان اور رمیز راجہ کی ذمہ داری بلے بازی کے سبب یہ اہم ترین میچ جیت لیا۔

اس کے بعد پاکستان کا فائنل میں سامنا ہوا انگلینڈ سے۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم 249 کے تعاقب میں 49.2 اوورز میں 227 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان 22 رنز سے فائنل جیت کر پہلی بار کرکٹ کے عالمی کپ کا فاتح قرار پایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp