پاکستان سپر لیگ 11 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے آل راؤنڈر معین علی کی جارحانہ بیٹنگ اور حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا، میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی، حالانکہ اوپنر شامل حسین نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، دفاحی چیمپیئن لاہور قلندرز کا فاتحانہ آغاز، حیدر آباد کنگز مین کو 69رنز سے شکست دیدی
کوئٹہ کی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اور شامل حسین اور کپتان سعود شکیل نے پہلے وکٹ کی شراکت میں صرف 7 اوورز میں 79 رنز جوڑے۔ شامل حسین 24 گیندوں پر 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ بعد ازاں خواجہ نافے 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل نے 25 گیندوں پر 33 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
رائلی روسو نے 25 رنز اسکور کیے جبکہ حسن نواز 24 گیندوں پر 19 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ آخری اوورز میں حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹام کرن اور احمد دانیال کی وکٹیں حاصل کر کے میچ کراچی کنگز کے حق میں موڑ دیا۔ بین میکڈرموٹ کی ناقابل شکست 24 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ایڈم زمپا، معین علی اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلی، 2 ٹیم شیٹس جمع کرانے کی اجازت
اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ اوپنر محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تاہم سلمان علی آغا اور کپتان ڈیوڈ وارنر نے دوسری وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی، سلمان علی آغا نے 10 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔
ڈیوڈ وارنر نے سعد بیگ کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 43 رنز جوڑے۔ وارنر نے 22 گیندوں پر 35 جبکہ سعد بیگ نے 23 گیندوں پر 30 رنز اسکور کیے۔ اعظم خان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے کے بعد معین علی نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوشدل شاہ کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔ خوشدل شاہ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ معین علی 29 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر تماشائی پی ایس ایل میچز شروع، قذافی اسٹیڈیم کے باہر موجود شائقین کرکٹ کیا کہتے ہیں؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دانیال نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الزاری جوزف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عثمان طارق اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔













