پشاور ہائیکورٹ نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے عمران خان کے نام سے منسوب کرنے کے خلاف دائر درخواست پر صوبائی حکومت سے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری مختصر حکم نامے کے مطابق سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے انہیں ایک ہفتے میں مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے ارباب نیاز اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی، پشاور ہائیکورٹ نے گائیڈ لائنز پر سوال اٹھا دیا
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
آج دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے عمران خان اسٹیڈیم رکھ دیا ہے، جو کہ لوکل کونسل رولز اور ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی گائیڈ لائنز کے خلاف ہے۔
وکیل کے مطابق اس حوالے سے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے بھی موجود ہیں، جبکہ قانون کے تحت کسی زندہ شخصیت کے نام پر سرکاری اسٹیڈیم کا نام رکھنا درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیے پشاور کا کرکٹ اسٹیڈیم، جن کے نام سے منسوب ہے وہ ارباب نیاز کون تھے؟
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نام کی تبدیلی کو کالعدم قرار دیا جائے اور متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق عمل کرنے کا پابند بنایا جائے۔











