والدین عموماً اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ ان کا بچہ موبائل فون پر کون سی ایپس استعمال کر رہا ہے، کس سے بات کر رہا ہے اور روزانہ کتنی دیر آن لائن رہتا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر مؤثر نگرانی کا اصل مرکز موبائل فون نہیں بلکہ گھر کا وائی فائی راؤٹر ہے۔
ٹیکنالوجی ماہر کے مطابق اکثر والدین یہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کی آن لائن حفاظت صرف ان کے موبائل فون کی سیٹنگز تک محدود ہے جبکہ راؤٹر پورے گھریلو نیٹ ورک پر مرکزی سطح کا کنٹرول فراہم کرتا ہے۔ ان کے بقول اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اسمارٹ فونز کے ساتھ ساتھ گیمنگ کنسولز، اسمارٹ ٹی وی، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور دیگر تمام انٹرنیٹ سے منسلک آلات کو بھی ایک ہی جگہ سے کنٹرول کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وائی فائی سے نگرانی، کیسے رؤٹر دیواروں کے پار انسانی حرکت دیکھ سکتا ہے؟
ماہرینِ ٹیکنالوجی نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر مؤثر نگرانی کے لیے صرف موبائل فون یا ٹیبلیٹ پر انحصار کرنے کے بجائے گھر کے وائی فائی راؤٹر میں موجود پیرنٹل کنٹرول فیچرز سے بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
Seeken International FZE کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جارجی بیجومون کے مطابق خاندان کے وائی فائی راؤٹر میں موجود حفاظتی فیچرز کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے حالانکہ یہی فیچرز بچوں کے لیے محفوظ آن لائن ماحول فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جہاز پر اسٹار لنک فری وائی فائی کی سروس شروع، کتنا تیز انٹرنیٹ میسر ہوگا؟
انہوں نے بتایا کہ جدید راؤٹرز کے ساتھ دستیاب موبائل ایپس والدین کے لیے پیرنٹل کنٹرولز کو استعمال کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان بنا چکی ہیں۔ ان ایپس کے ذریعے بچوں کے الگ پروفائلز بنائے جا سکتے ہیں مختلف ڈیوائسز کو ایک ہی پروفائل کے تحت منظم کیا جا سکتا ہے۔ اسکرین ٹائم کی حد مقرر کی جا سکتی ہے اور نامناسب مواد تک رسائی خودکار طور پر روکی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ Apple Screen Time اور Google Family Link جیسے فیچرز مفید ہیں، تاہم ان کی رسائی صرف مخصوص ڈیوائسز تک ہوتی ہے جبکہ وائی فائی راؤٹر پورے نیٹ ورک کو کنٹرول کرتا ہے۔ اس میں گیمنگ کنسولز، اسمارٹ ٹی وی، مشترکہ ٹیبلٹس اور گھر آنے والے مہمانوں کے انٹرنیٹ سے منسلک آلات بھی شامل ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گھر میں موجود وہ چیزیں جو وائی فائی اسپیڈ کو سست کردیتی ہیں؟
ماہرین کے مطابق وائی فائی راؤٹر کو مؤثر انداز میں استعمال کر کے والدین بچوں کے لیے زیادہ محفوظ، متوازن اور منظم ڈیجیٹل ماحول فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ انہیں ہر وقت بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر براہِ راست نظر رکھنے کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔














