کراچی میں غیر منظور شدہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم بدستور جاری ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مصروف علاقے کلفٹن کے تین تلوار چوک پر ٹریفک پولیس نے ایک کم عمر ڈرائیور کو مشکوک نمبر پلیٹ کی بنیاد پر رکنے کا اشارہ دیا۔
پولیس کے روکنے پر ڈرائیور گاڑی سے باہر نکلا اور غصے کا اظہار کرنے لگا، تاہم چند لمحوں بعد وہ دوبارہ گاڑی میں سوار ہو کر تیزی سے موقع سے فرار ہو گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پولیس بھی وہاں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ٹریفک پولیس میں بڑی تبدیلیاں: نئی گاڑیاں، نیا یونیفارم اور نئے اختیارات کیا ہیں؟
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرار کے دوران ڈرائیور نے اردگرد موجود افراد کو ٹکر ماری اور ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطرناک انداز میں گاڑی دوڑاتا ہوا بھاگ نکلا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی موجودگی میں پیش آنے والے اس واقعے پر پولیس نے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔













