جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت مرکزی مجلس شوریٰ کا غیر معمولی اجلاس آج اور کل مفتی محمود مرکز پشاور میں منعقد ہوگا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے مرکزی مجلس شوریٰ کے اراکین پشاور پہنچ رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے اہم رہنما پہلے ہی شہر پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کی خواتین کی مخصوص نشست پر فیصلہ سنا دیا
ترجمان کے مطابق یہ اجلاس جے یو آئی کی مستقبل کی سیاسی سمت کے تعین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں ملک کی مجموعی حکومتی کارکردگی اور اہم عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے خطے پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پاک افغان تعلقات اور ممکنہ کشیدگی کے مضمرات پر بھی تفصیلی بحث ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: کیا حکومت اور جے یو آئی کے درمیان سیاسی جنگ کا آغاز ہونے والا ہے؟
اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر پارٹی کی آئندہ حکمت عملی اور قومی و بین الاقوامی امور پر واضح مؤقف سامنے آئے گا۔














