بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ایک انوکھا واقعہ اس وقت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا جب ایک والد نے اپنی بیٹی کی طلاق کو افسوس کے بجائے جشن کے طور پر منایا۔
خاندانی عدالت کی جانب سے پرنیتا شرما کی طلاق منظور ہونے کے بعد ان کے والد، ریٹائرڈ جج ڈاکٹر گیانند شرما نے عدالت کے باہر ڈھول بجا کر اور مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رشتہ داروں نے بھی ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور لڈو تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیے: ’لگتا ہے انہیں طلاق ہو گئی ہے‘، شائستہ لودھی کی تصاویر دیکھ کر افواہیں گرم
ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ خاندان کے افراد نے سیاہ ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر پرنیتا کی تصویر اور پیغام درج تھا: ‘میں اپنی بیٹی سے محبت کرتا ہوں، وہ میری جان ہے’۔ پرنیتا نے بھی ایسی ہی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر لکھا تھا: ‘میرا خاندان، میری زندگی’۔
پرنیتا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی شادی بچانے کی کوشش کی لیکن حالات بہتر نہ ہو سکے۔ ان کے مطابق انہیں کئی برس سے مشکلات اور دباؤ کا سامنا تھا، جس پر آخرکار طلاق کا فیصلہ لیا گیا۔
ان کے والد نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش پر بھی ڈھول بجائے گئے تھے اور آج بھی اسی طرح خوشی منائی گئی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ بیٹی کی قدر زندگی کے ہر مرحلے میں یکساں رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: طلاق کے نوٹس کے بعد صلح کی کوشش، ایمان فاطمہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کردی
اطلاعات کے مطابق پرنیتا کی شادی 2018 میں بھارتی فوج کے افسر کے ساتھ ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ خاندان نے اس فیصلے کو بیٹی کی بہتری کے لیے ضروری قرار دیا۔













