وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران کو ڈیڈ لائن میں 2 ہفتوں کی توسیع کی درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک اس معاملے پر مکمل بریفنگ نہیں دی گئی، تاہم وہ اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ وہ شہباز شریف کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ہر جگہ نہایت معزز شخص ہیں۔
صدر ٹرمپ کی امریکی صحافی جیکی ہینریچ سے مختصر گفتگو ہوئی، جس میں انہوں نے کہاکہ اس وقت گرما گرم مذاکرات جاری ہیں کچھ نہیں بتا سکتا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ سے ایران کو ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی اپیل کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں تسلسل کے ساتھ مؤثر انداز میں جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ سفارت کاری کو موقع فراہم کرنے کے لیے وہ صدر ٹرمپ سے پرزور درخواست کرتے ہیں کہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی جائے، جبکہ انہوں نے ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی ڈیڈلائن میں چند گھنٹے باقی ہیں، جبکہ پاکستان، ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ممالک سیز فائر کے لیے سفارتی کردار ادا کررہے ہیں۔













