خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ڈاکٹروں کی بھرتی کے عمل کو مزید شفاف اور کارکردگی پر مبنی بنانے کے لیے نئے میرٹ معیار کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھرتی کے عمل میں تعلیمی قابلیت کو بنیادی اہمیت دیتے ہوئے مجموعی میرٹ میں تعلیمی نمبروں کا وزن 60 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بہترین تعلیمی ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کو آگے لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں انرجی بچت پالیسی: بزنس کمیونٹی میں تشویش، کاروبار متاثر ہونے کا خدشہ
نئے فارمولے کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدواروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اضافی نمبروں کا خصوصی کوٹہ رکھا گیا ہے۔ امیدواروں کو ان کی اعلیٰ ڈگریوں کی بنیاد پر 20 فیصد تک اضافی نمبر مل سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک اضافی ڈگری پر 10، دو پر 15 اور 3 اضافی ڈگریوں کی صورت میں 20 نمبر دیے جائیں گے۔
میرٹ کی درجہ بندی کو مزید باریک بینی سے جانچنے کے لیے ڈگریوں کی تقسیم فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ڈویژن کے لحاظ سے کی جائے گی تاکہ ہر سطح پر شفافیت برقرار رہے۔
مجموعی طور پر 100 نمبروں کے اسکور میں سے 20 فیصد نمبر انٹرویو کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس سے امیدواروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا اندازہ لگایا جائے گا۔ یہ نیا معیار صوبے میں طبی عملے کی تعیناتی کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی تصور کی جا رہی ہے۔














