برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال اور اس سے متعلق اہم عسکری اور لاجسٹک امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلے کے حل کے حوالے سے پیش رفت ہو چکی ہے اور اب اگلے مرحلے میں داخل ہونے کی ضرورت ہے۔
کئیر اسٹارمر نے اس دوران خلیجی ممالک کے رہنماؤں اور عسکری ماہرین سے ہونے والی اپنی مشاورت سے بھی آگاہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کی بحالی انتہائی اہم ہے، اور برطانیہ اس مقصد کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر ایک قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ بحری ٹریفک کی جلد بحالی کے لیے ایک مؤثر اور عملی حکمت عملی اپنائی جائے، اور مستقبل میں اس حوالے سے مزید رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔













