وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایرانی وفد نے ملاقات کی۔
ایرانی وفد کی قیادت ایران کی مجلسِ شوریٰ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایرانی وفد کی ملاقات pic.twitter.com/j3d05Ml9wZ
— WE News (@WENewsPk) April 11, 2026
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں ایران کی بھرپور شرکت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور عالمی امن و استحکام کی خاطر اپنا مصالحانہ کردار مخلصانہ طور پر ادا کرتا رہے گا تاکہ ان مذاکرات کے بامعنی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
پاکستانی وفد کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے شرکت کی۔
قبل ازیں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن رضا نقوی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے دونوں وفود کی جانب سے تعمیری انداز میں مذاکرات میں شرکت کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔














