پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بانی چیئرمین سے آئندہ ملاقات کے دوران اپنا استعفیٰ پیش کردیں گے، علیمہ خان نے میرے بارے میں غلط بات کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے ان سے ملاقات کر کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی تھی، تاہم وہ سیاسی معاملات پر علیمہ خان کے چند موقف سے شدید اختلاف رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار
ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی بہنیں سیاسی باریکیوں کو اس طرح نہیں سمجھتیں جس طرح ایک تجربہ کار سیاست دان سمجھتا ہے، جبکہ بانی چیئرمین نے پارٹی عہدے کی ذمہ داری خود ان کے سپرد کی تھی۔
سلمان اکرم راجہ بہترین وکیل تھے پارلیمانی سیاست میں انہوں نے تحریک انصاف کا مشکل وقت میں ساتھ دیا سلمان اکرم راجہ کی integrity شک و شبہ سے بالاتر ہے وہ بہنوں کی گنجلک سیاست میں پھنس گئے ہیں جو سیاست میں اپنا مقام بنانے کے لئے کسی شخص ادارے کو قربان کرنے سے نہیں ہچکچاتیں اس مرتبہ… pic.twitter.com/040hAqnrg5
— Mohsin Raza KHAN (@mohsinrz) April 15, 2026
سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ وہ بانی چیئرمین کے سامنے اپنا تفصیلی موقف رکھیں گے اور ان کی خواہش ہے کہ ان کی معروضات کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے سیاست میں تجربے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان کے پیچ و خم وہی بہتر سمجھ سکتے ہیں جن کے پاس طویل تجربہ ہو۔
ان کے مطابق علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی جیسے اتحادیوں کو دانستہ طور پر ہراساں کر کے دور کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ پارٹی کی کامیابی تمام شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنے میں ہی مضمر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ کیوں دیا اور ان کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟
علیمہ خان سے اختلافات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ان کے درمیان کوئی مستقل دشمنی نہیں بلکہ یہ ایک وقتی ردِعمل ہے۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ علیمہ خان نے احتجاج کے لیے 10 ہزار افراد کو متحرک کرنے کا ہدف رکھا تھا، اور ممکنہ طور پر مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر پیدا ہونے والی مایوسی اس طرح کے بیانات کا سبب بنی ہو۔
سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان کے بیان کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی بات حقائق کے برعکس ہے اور انہیں معاملے اور سیاست کی درست سمجھ نہیں ۔ pic.twitter.com/UGYiipssx3— Niazi (@Faruqniazi) April 15, 2026
سلمان اکرم راجا نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کو اس وقت اتحاد اور سنجیدہ سیاسی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے تاکہ تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ عہدے رکھنے کے خواہش مند نہیں ہیں، وہ پہلے بھی پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، مجھ پر یہ عہدہ تھونپا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں لوگوں کو گھروں سے نکلنے کے لیے کال دیتی ہیں وہ عمران خان کی بہنیں ہیں، وہ خلوص سے کال دیتی ہیں، وہ عمران خان کا حصار ہیں، ان کے عمران خان کے لیے پیار اور محبت پر کوئی شک نہیں ہوسکتا، تاہم وہ سیاسی سمجھ بوجھ نہیں رکھتی، وہ سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کی مجاز نہیں۔














