وفاقی حکومت کی ایران امریکا ثالثی کے بعد پی ٹی آئی پریشان کیوں؟

جمعرات 16 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ایران امریکا امن مذاکرات کے موقع پر لیاقت باغ کا جلسہ تو ملتوی کردیا تھا، لیکن اب پارٹی کو اندرونی طور پر ورکرز کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 9 اپریل کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم اسلام آباد میں امن مذاکرات کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا اور اب لیاقت باغ کی جگہ مردان میں 19 اپریل کو جلسہ ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق خیبر پختونخوا میں جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر ہو رہا ہے، تاہم پارٹی ورکرز اس بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ثالثی کردار: عالمی وقار میں اضافہ اور معاشی خوشحالی کی نئی نوید

پی ٹی آئی کے اندرونی حالات سے باخبر ایک سینیئر رہنما نے بتایا کہ اسلام آباد میں ثالثی کے بعد وفاقی حکومت کا گراف بہت اوپر چلا گیا ہے، جس سے ان کی سیاسی مہم متاثر ہوئی ہے۔

’ہمارا سیاسی نعرہ ہے کہ وفاقی حکومت نااہل اور جعلی ہے، جو قوم کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کر سکتی، لیکن جو پیش رفت ہو رہی ہے اس کے نیچے ہم دبتے جارہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی کے اندر بھی پریشانی ہے، اور کافی عرصے سے جلسے اور احتجاج بھی نہیں ہو رہے، جس سے ورکرز ناراض ہیں، جبکہ عمران خان کی رہائی کے معاملے پر بھی مکمل خاموشی ہے۔

مذاکرات کا نتیجہ اپنی جگہ، پاکستان کی پذیرائی اپنی جگہ‘

پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کے انعقاد کو اہم قدم تو قرار دیا مگر کھل کر اس کی حمایت نہیں کر رہی، پارٹی کے کچھ رہنما اس کا کریڈٹ عمران خان کو دینے کی کوشش کر رہے تھے، جو پارٹی ورکرز کو مشکل وقت میں بھی متحرک رکھنے کی ایک حکمت عملی سمجھی جا رہی ہے۔

پارٹی کے سینیئر رہنما نے بتایا کہ پی ٹی آئی اس وقت دو راہے پر کھڑی ہے، اسلام آباد امن مذاکرات کی کھل کر مخالفت بھی نہیں کر سکتی، جبکہ کھل کر حمایت کی صورت میں ورکرز کا سامنا کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایسا کام کیا ہے جو کسی حکومت نے نہیں کیا، اور پوری دنیا میں پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔

’ایسی خبریں بھی ہیں کہ صدر ٹرمپ خود پاکستان آرہے ہیں، اگر ایسا ہوا تو پاکستان اور موجودہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی طور پر بہت بڑا فائدہ ہو گا۔‘

ورکرز ناراض، قیادت پریشان

پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے بتایا کہ لیاقت باغ جلسے کے لیے تیاری بالکل بھی نہیں تھی اور پارٹی کو اسے ملتوی کرنے کا ایک بہانہ مل گیا، انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کے ساتھ پارٹی میں اختلافات ہیں، جبکہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے فنڈز کی بھی کمی ہے۔

ان کے مطابق لیاقت باغ جلسے کے لیے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی تھا، اور جلسہ ملتوی کر کے سہیل آفریدی نے سکون کا سانس لیا، تاہم انہوں نے کہا کہ جلسہ ملتوی کرنے پر پارٹی میں سہیل آفریدی کو تنقید کا سامنا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما بھی اس سے اتفاق کرتے ہیں، ان کے مطابق جلسہ ملتوی کرنے پر پارٹی کے مخالف گروپ نے کھل کر سہیل آفریدی پر تنقید کی۔

مزید پڑھیں: عرب میڈیا سے تعلق رکھنے والی صحافی پاکستانیوں سے متاثر، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی اہم قرار دیدی

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کا یہ تاثر بھی ہے کہ وہ صوبے سے باہر نہیں نکل سکتے اور جلسہ ملتوی کرنے سے اس تاثر کو تقویت ملی۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی رہائی مہم کی رجسٹریشن بھی انتہائی سست روی کا شکار ہے، جبکہ ورکرز کا اعتماد قیادت پر ختم ہوتا جا رہا ہے، جس سے قیادت بھی شدید پریشان ہے۔

پی ٹی آئی ورکرز کا مردان جلسے میں احتجاج ریکارڈ کرانے کا اعلان

پی ٹی آئی کی جانب سے لیاقت باغ جلسہ ملتوی کرنے اور پھر مردان میں کرنے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور سوشل میڈیا پر ورکرز اس کے خلاف کھل کر بول رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ورکر خالد خان نے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم شروع کر دی ہے، جس میں مردان جلسے میں قیادت اور سہیل آفریدی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کی آگاہی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے ورکرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مردان جلسے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں آئیں اور قیادت سے سوال کریں، پی ٹی آئی کارکن شاہ احمد بھی قیادت سے خوش نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ثالثی نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ کو بچا لیا

ان کے مطابق سہیل آفریدی کے آنے کے بعد عمران خان کی رہائی مہم تقریباً ختم ہو گئی ہے اور صرف بیانات تک محدود رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسوں کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ بھی ورکرز کا قیادت پر سے اعتماد اٹھ جانا ہے۔ ’ہم سہیل آفریدی سے کچھ نہیں چاہتے، بس عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں، جس پر ان کی توجہ بالکل بھی نہیں ہے۔‘

اسلام آباد امن مذاکرات کے بعد کیا واقعی پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہوئی؟

سیاسی تجزیہ کار بھی موجودہ حکومت کی ثالثی کو اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں، جس سے انہیں سیاسی طور پر فائدہ ہو سکتا ہے، صحافی و سینئر تجزیہ کار عارف حیات کا ماننا ہے کہ موجودہ وفاقی سیٹ اپ کی کوششوں سے ایران امریکا امن مذاکرات نے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر کمزور کیا ہے۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کو نااہل اور بین الاقوامی سطح پر ناکام قرار دے رہی تھی، لیکن جو ہوا وہ اس بیانیے کے لیے ایک دھچکا ہے۔

’اس حکومتی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے پاس سیاسی مخالفین کو ہدف بنانے کا کوئی ٹھوس جواز نہیں رہا۔‘

پی ٹی آئی ورکرز عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے‘

عارف حیات نے کہا کہ مرکزی حکومت نے فیول کرائسز میں کافی حد تک حالات کو قابو میں رکھا، اور خیبر پختونخوا نے بھی مکمل تعاون کیا۔ ’پی ٹی آئی کے ورکر پہلے بھی خوش نہیں تھے اور موجودہ حالات نے انہیں قیادت سے مزید دور کر دیا۔‘

نوجوان صحافی شہاب الرحمان بھی کسی حد تک عارف حیات سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وفاق کی اہم کامیابی پر پی ٹی آئی کھل کر تو نہیں بول رہی، لیکن انہیں جو سیاسی دھچکا لگا ہے، اس سے پارٹی قیادت بظاہر پریشان ہے۔

پی ٹی آئی کا مؤقف کیا ہے؟

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لیاقت باغ جلسہ پاکستان کے لیے ملتوی کیا گیا تھا، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ نے وی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتی، اس کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ راولپنڈی جلسہ ملتوی کرنے سے ورکرز اچھا خاصا ناراض ہوئے، تاہم 19 اپریل کو مردان میں جلسہ ہو رہا ہے، جس میں ورکرز بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

موبائل فونز پر بھاری ٹیکس پر پارلیمانی تشویش، کمی کی سفارش

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس میں ہزار پوائنٹس کے قریب اضافہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بڑے فیصلے: ایک لاکھ طلبہ کے لیے مفت گوگل کورسز اور ریکارڈ اسکالرشپس سمیت متعدد اعلانات

سعودی عرب کا بڑا مالی تعاون: پاکستان کے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کا معاہدہ طے

ٹرمپ کے ڈیپ فیک میمز کا بڑھتا رجحان: سوشل میڈیا پر سیاست کا نیا ہتھیار

ویڈیو

ترکیہ میں اہم سفارتی سرگرمیاں: وزیراعظم شہباز شریف اور حاقان فیدان کی ملاقات، امریکا ایران امن معاہدے کی کوششیں تیز

افغانستان میں کامیاب کارروائی کے بعد پاکستان میں 70 فیصد دہشتگرد کارروائیوں میں کمی ہوئی، صحافیوں کی رائے

واسا لاہور عالمی سطح پر نمایاں، ٹاپ 5 واٹر یوٹیلیٹیز میں شارٹ لسٹ

کالم / تجزیہ

ہنساتے ببو برال کی اداس کہانی

جب پاکستان ہے تو کیا غم ہے؟

محبت، کتابیں اور دستوئیفسکی کے ’بیچارے لوگ‘