پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر خواتین کی باہمی حمایت اور انہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک متاثر کن پیغام شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے عالمی شہرت یافتہ شاعرہ مایا اینجلو کے قول کا سہارا لیتے ہوئے خواتین کو ایک دوسرے کی طاقت بننے کی تلقین کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: منفی رویہ صرف مردوں تک محدود نہیں، خواتین بھی ایک دوسرے کو نیچا دکھاتی ہیں، ہانیہ عامر
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر مایا اینجلو کا ایک طاقتور جملہ شیئر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’جب بھی کوئی خاتون اپنے حق کے لیے کھڑی ہوتی ہے تو وہ جانے انجانے میں دنیا کی تمام خواتین کے لیے آواز بلند کر رہی ہوتی ہے‘۔
ان کے اس پیغام کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ ایک عورت کی ہمت اور حق کے لیے اٹھایا گیا قدم پوری صنفِ نازک پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
اس پیغام کے ساتھ ہی ہانیہ نے حال ہی میں ہارورڈ یونیورسٹی کی کانفرنس اور نیویارک کے ایک بڑے ایونٹ میں شرکت کرنے والی سینئر اداکارہ ماہرہ خان کی تصویر بھی شیئر کی، جو ان کی کامیابی پر فخر اور کھلے دل سے تعریف کا اظہار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تنقید بند کریں، سب ایک جیسے نہیں ہوتے، ہانیہ عامر برہم
ہانیہ نے ماہرہ خان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ ساتھی فنکاروں کی خوشی اور سنگِ میل کو ایک دوسرے کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بننا چاہیے۔
ہانیہ عامر، جو کہ اکثر سوشل میڈیا پر غیر ضروری تنقید کے خلاف اور دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے کی حمایت کرتی نظر آتی ہیں، نے اس بار بھی اپنی پوسٹ میں ثابت قدمی اور ہمت کو موضوع بنایا۔
انہوں نے اپنی اسٹوری کے پس منظر میں مایا اینجلو کی مشہور نظم ‘اسٹل آئی رائز’ کا آڈیو بھی استعمال کیا، جو مشکلات کے باوجود سر اٹھا کر جینے اور کامیابی حاصل کرنے کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پُرتشدد مردوں کو رومانوی انداز میں پیش کرنے پر ہانیہ عامر کا ڈرامہ تنقید کی زد میں
ہانیہ عامر کے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔













