امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی اور ایرانی سفیروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکا کے سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا ایران مذاکرات: امریکی سیکیورٹی ٹیم کے خصوصی طیارے پاکستان پہنچ گئے
ذرائع کے مطابق اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات بھی گفتگو کا اہم حصہ رہے۔ امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام غیر ملکی مہمانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تمام خاص مہمانوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنا رہا ہے اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
ملاقات میں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی موجود تھے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات ہوئی جس میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے کیے گئے انتظامات پر گفتگو کی گئی۔













