وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کی مشترکہ حکمت عملی، اسلام آباد ایئرپورٹس میں مشترکہ چیکنگ اور ای گیٹس نصب ہوں گے

بدھ 22 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے درمیان مشترکہ حکمت عملی کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایئرپورٹس پر عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور سیکیورٹی نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: روسی دارالحکومت ماسکو کے ایئرپورٹ پر 40 اسرائیلی مسافر زیر حراست

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ مسافروں کو فوری اور آسان سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ایئرپورٹس پر چیکنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید ترین مشینری نصب کی جائے گی، جبکہ جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے اور ایک ہی مقام پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ کا نظام متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ای گیٹس کی تنصیب سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کے ذریعے مسافروں کو تیز تر کلیئرنس اور کم وقت میں امیگریشن سہولت میسر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیے: روسی دارالحکومت ماسکو کے ایئرپورٹ پر 40 اسرائیلی مسافر زیر حراست

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی جبکہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے ایئرپورٹس پر رش اور انتظار کے دورانیے میں نمایاں کمی لائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں کے ٹکراؤ سے ہونے والے نقصان اور ممکنہ حادثات سے بچانے کے لیے جدید ترین مشینری درآمد کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp