برسلز میں قائم تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ (ICG) نے بنگلہ دیش کے فروری 2026 میں ہونے والے عام انتخابات کو ملک کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل مجموعی طور پر پرامن اور شفاف رہا۔
جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ 12 فروری کو ہونے والے انتخابات میں طاقت کی منتقلی پُرامن طریقے سے ہوئی اور زیادہ تر علاقوں میں تشدد یا سنگین بے ضابطگیاں دیکھنے میں نہیں آئیں۔
مزید پڑھیں: مشتبہ قتل یا خودکشی؟ بنگلہ دیش میں مندر کے خادم کی موت کی تحقیقات جاری
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے عوامی توقعات کو بڑھا دیا ہے، تاہم نئی حکومت کو معیشت کی بحالی اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
آئی سی جی کے سینئر کنسلٹنٹ تھامس کین نے کہا کہ یہ انتخابات جمہوری عمل میں اہم پیش رفت ہیں اور 2008 کے بعد پہلی بار شہریوں کو حقیقی مسابقتی ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ سے توانائی اور کھاد کی درآمدات پر انحصار کے باعث بنگلہ دیش بیرونی دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے، جس سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، تجارتی خلل اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تھنک ٹینک نے کہا کہ عوامی حمایت برقرار رکھنے کے لیے نئی حکومت کو معاشی ترقی کی بحالی کو ترجیح دینا ہوگی، جبکہ ریاستی اداروں، گورننس اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری بھی ناگزیر ہے۔
رپورٹ میں عبوری حکومت کے کردار کو بھی سراہا گیا جس نے گزشتہ سال اگست میں سیاسی تبدیلی کے بعد ملک کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم یہ بھی کہا گیا کہ اصلاحات، انصاف اور انتخابات کے اہداف کے حصول میں جزوی کامیابی ہی حاصل ہو سکی۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا غیر ملکی قرض 78 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
آئی سی جی کے مطابق بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، اور انتخابات کے ساتھ ہونے والے ریفرنڈم میں آئینی اصلاحات اور بہتر طرز حکمرانی کی تجاویز کو عوامی حمایت حاصل ہوئی۔
تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ واضح نہیں کہ نئی حکومت ان اصلاحات پر کس حد تک عملدرآمد کرے گی، کیونکہ بعض تجاویز پر بی این پی کو تحفظات ہیں۔ تھنک ٹینک نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اصلاحات کے نفاذ میں محتاط رویہ اپنایا جائے اور سیاسی مخالفین کے ساتھ غیر ضروری محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔













