میٹا نے صارفین کی سہولت اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ایک نئے اور جدید ’یونیفائیڈ اکاؤنٹ‘ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت تمام میٹا سروسز کے اکاؤنٹس، سیکیورٹی سیٹنگز اور ڈیوائس کنیکشنز کو ایک مرکزی پلیٹ فارم پر منظم کیا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق اگرچہ موجودہ ’اکاؤنٹس سینٹر‘ کچھ بنیادی سہولیات فراہم کرتا ہے تاہم نیا نظام اس سے کہیں زیادہ جامع ہوگا اور صارفین کو تمام اہم اکاؤنٹ مینجمنٹ ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوگی۔ یہ نیا سسٹم آئندہ سال کے دوران مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی ڈیجیٹل ایجنٹس کیا ہیں اور یہ ٹیکنالوجی کی دنیا کو کیوں بدل رہے ہیں؟
نئے فیچر کے تحت صارفین کو مختلف میٹا سروسز کے لیے ایک ہی پاس ورڈ استعمال کرنے کی سہولت ملے گی، جس سے متعدد لاگ اِنز کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ پاسکیز کی سپورٹ بھی شامل کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے فنگر پرنٹ، فیس ریکگنیشن یا دیگر ڈیوائس بیسڈ طریقوں سے لاگ اِن ممکن ہوگا۔
میٹا کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے صارفین کو الرٹس، مشکوک لاگ اِن کی اطلاع اور دو مرحلہ جاتی تصدیق (Two-Factor Authentication) فعال کرنے کی تجاویز بھی فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا مصنوعی ذہانت ہمیں آنے والے عالمی بحرانوں سے پہلے خبردار کر کے جنگوں اور تباہیوں کو روک سکتی ہے؟
یہ نیا پلیٹ فارم ایک مرکزی ڈیش بورڈ کے طور پر کام کرے گا جہاں صارفین اپنے پاس ورڈز، ای میل ایڈریسز اور دیگر سیکیورٹی سیٹنگز کو ایک ہی جگہ سے اپڈیٹ اور کنٹرول کر سکیں گے جس سے مختلف ایپس میں بار بار تبدیلی کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
اسی طرح والدین کے لیے بھی کنٹرول فیچرز کو بہتر بنایا گیا ہے جس کے تحت ’فیملی سینٹر‘ کے ذریعے وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر میٹا پلیٹ فارمز پر ایک ہی جگہ سے نظر رکھ سکیں گے۔
تاہم میٹا نے واضح کیا ہے کہ جو صارفین اپنی ایپس اور سیٹنگز کو الگ الگ رکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ آپشن بدستور موجود رہے گا اور ہر ایپ کی اپنی پرائیویسی سیٹنگز علیحدہ طور پر برقرار رہیں گی۔












