کراچی: 11 سالہ بچہ کھلی واٹر لائن میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، تلاش جاری

جمعہ 24 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شہرِ قائد کے علاقے اسکیم 33 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) کی کھلی واٹر لائن میں نہاتے ہوئے 11 سالہ بچہ ڈوب گیا، جمعے کی دوپہر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بچے کا سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لکی مروت: تالاب میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق

ڈپٹی کمشنر شرقی، نصر اللہ عباسی کے مطابق 11 سالہ زاہد محمد خان دوپہر 2 بجے کے قریب واٹر لائن میں نہا رہا تھا کہ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث بہہ گیا۔

ریسکیو 1122 اور ایدھی فاؤنڈیشن کے غوطہ خور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم پانی کے شدید دباؤ کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے, واٹر بورڈ حکام کا خدشہ ہے کہ پانی کا بہاؤ بچے کو گلستانِ جوہر بلاک 1 (کنٹی نینٹل بیکری) کے قریب لگی لوہے کی جالی تک لے جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 8 سالہ بچے کو خاتون نے نالے میں پھینک دیا، سوگوار والد کا بیان سامنے آگیا

حکام کے مطابق اس عمل میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر مذکورہ مقام پر امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو واٹر لائن فوری طور پر ڈھانپنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ واٹر بورڈ حکام کا دعویٰ ہے کہ پہلے بھی لائن پر سلیب رکھے گئے تھے جنہیں غالباً نشئیوں یا مقامی افراد نے ہٹا دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp