مہاراشٹرا سائبر ڈیپارٹمنٹ نے بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی کو آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم پر ہراساں کرنے کے کیس میں پہلی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
یہ کارروائی اداکار کی جانب سے گزشتہ برس اکتوبر میں ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے گئے اس پریشان کن انکشاف کے بعد شروع کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح ایک نامعلوم شخص نے آن لائن گیم کے دوران ان کی بیٹی سے نازیبا تصاویر کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن گیم کھیلتے ہوئے بیٹی سے نازیبا تصاویر کا مطالبہ کیاگیا، اکشے کمار کا انکشاف
اکشے کمار نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی بیٹی ایک ایسی ویڈیو گیم کھیل رہی تھی جس میں اجنبیوں کے ساتھ رابطہ ممکن تھا، جہاں شروع میں اس شخص نے انتہائی شائستہ پیغامات بھیجے اور اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کی۔
اداکار کے مطابق جب اس شخص کو معلوم ہوا کہ وہ ایک لڑکی سے بات کررہا ہے تو اس نے اچانک اخلاق سے گری ہوئی فرمائش کردی، جس پر ان کی بیٹی نے فوری طور پر گیم بند کر کے اپنی والدہ کو آگاہ کیا۔
اکشے کمار نے اس موقع پر والدین پر زور دیا تھا کہ وہ بچوں کو سائبر جرائم کے بارے میں آگاہ کریں کیونکہ ایسے واقعات بلیک میلنگ اور سنگین ذہنی دباؤ کا باعث بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میرے بل ادا کردو‘بوائے فرینڈ کے مطالبے پر دپیکا پڈوکون کا ردعمل کیا تھا؟
سائبر سیل نے اداکار کے بیان کے بعد تکنیکی تجزیے اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور اسے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس اب ملزم سے تفتیش کررہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اس نے دیگر بچوں کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب اکشے کمار نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے اپیل کی ہے کہ اسکولوں میں سائبر آگاہی کے لیے ہفتہ وار کلاسز کا انعقاد کیا جائے کیونکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں یہ جرائم اسٹریٹ کرائم سے زیادہ خطرناک صورت اختیار کر رہے ہیں۔
ملزم کی گرفتاری کو سائبر سیل کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جس سے آن لائن پلیٹ فارمز پر بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک واضح پیغام گیا ہے۔














