حیدرآباد کنگز مین نے پی ایس ایل الیون کے 39ویں میچ میں راولپنڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 108 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی ہے، حیدرآباد کنگز مین کی جیت نے لاہور قلندرز کو بھی پلے آف سے باہر کردیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کنگز مین کے بلے بازوں نے پہلے رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پھر باؤلرز نے راولپنڈیز کی پوری ٹیم کو 136 رنز پر ڈھیر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: وارنر اور ہینڈرکس کی طوفانی بیٹنگ، کراچی کنگز کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹوں سے شکست
پی ایس ایل الیون کے 39ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے گراؤنڈ میں رنز کی بارش کرتے ہوئے راولپنڈیز کے خلاف 244 رنز کا ہمالیہ جیسا مجموعہ کھڑا کردیا ہے۔ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کنگز مین کے بلے بازوں، خصوصاً عثمان خان اور گلین میکسویل نے راولپنڈیز کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور چوکے چھکوں کی برسات کردی۔
حیدرآباد کنگز مین کی اننگز کا آغاز اگرچہ کپتان مارنس لیبوشین کی جلد وکٹ گرنے سے ہوا، لیکن اس کے بعد عثمان خان اور معاذ صداقت نے جارحانہ انداز اپنایا۔ عثمان خان نے محض 26 گیندوں پر 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے شامل تھے۔
صائم ایوب نے بھی 6 گیندوں پر 12 رنز بنائے، لیکن میچ کا پانسہ گلین میکسویل اور کسل پریرا کی جوڑی نے پلٹا۔ میکسویل نے روایتی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 70 رنز داغ دیے، جبکہ کسل پریرا 30 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو عبرتناک شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرلی
اننگز کے اختتام پر حسن خان نے بھی 4 گیندوں پر 16 رنز بنا کر اسکور 244 تک پہنچا دیا۔ راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے، جبکہ محمد عامر 4 اوورز میں 57 رنز دے کر خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔
245 رنز کے تعاقب میں راولپنڈیز کی اننگز شروع سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ عثمان خواجہ 66 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کسی بلے باز کا ساتھ میسر نہ آیا۔
کپتان محمد رضوان 26 اور سیم بلنگز 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ عاکف جاوید نے 38 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 میں بڑا اپ سیٹ، راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر مسلسل شکستوں کا جمود توڑ دیا
راولپنڈیز کی پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اس فتح کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور قلندرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔














