سابق گورنر خیبرپختونخوا اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی شوریٰ کے رکن حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے ایک سیاسی فریق بن چکی ہے، جو کہ مناسب طرزِ حکمرانی کے خلاف ہے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کو عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ تنظیمی اور سیاسی سرگرمیاں پارٹیوں کا کام ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات وزیراعلیٰ کے منصب کے شایانِ شان نہیں، حکومت کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوام کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔
حاجی غلام علی نے زور دیا کہ صوبائی حکومت کو وفاق کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے چاہییں تاکہ ملکی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اہم کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
بین الاقوامی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی پوری دنیا کو متاثر کر سکتی تھی، تاہم پاکستان نے امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بڑے فیصلے فوری نہیں ہوتے بلکہ ایک مسلسل عمل کا حصہ ہوتے ہیں، لہٰذا وفاقی حکومت کو اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہییں۔
انہوں نے مزید کہاکہ عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور بعض ممالک میں ایک ہی دن میں مختلف اوقات میں قیمتیں بدل رہی ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان کو محتاط اور مؤثر معاشی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
حاجی غلام علی نے کہاکہ ترکیہ، چین اور روس سمیت کئی ممالک نے بھی عالمی کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا، اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔












