معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال، واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب میں افواج پاکستان کو خراج تحسین

منگل 28 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں قومی ہیروز، سیاستدانوں، طلبا، مذہبی رہنماؤں اور اقلیتی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

شرکا نے واہگہ بارڈر پر ہونے والی پریڈ میں خصوصی دلچسپی لی اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ’پاک فوج زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ شرکا نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور معرکہ حق کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ دشمن کو جس طرح معرکہ حق میں سبق سکھایا گیا، آئندہ بھی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

شہریوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں افواجِ پاکستان کے بھرپور جواب نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر شہریوں کے جوش و خروش نے اس عزم کو ایک بار پھر اجاگر کیاکہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp