پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کی کپتانوں نے کراچی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے اور فتح حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز ایک اچھا مقابلہ ثابت ہوگی اور وہ اس موقع پر نئی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع دیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی بار پاکستان پہنچ گئی
انہوں نے گرم موسم کے حوالے سے کہا کہ کھلاڑی اسی ماحول میں پریکٹس کر رہے ہیں، اس لیے موسم کھیل پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوگا، ٹیم کی پوری توجہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے پر مرکوز ہے۔
فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ سیریز کے دوران سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے درمیان بہترین تال میل پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ ڈاٹ بالز کی شرح کم کرنے اور پاور ہیٹنگ کو بہتر بنانے پر خصوصی کام کیا گیا ہے تاکہ بیٹنگ لائن کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ ا
س موقع پر انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ لیگ کا آغاز دیکھنا چاہتی ہیں، جو ملک میں ویمن کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز انڈر 19 نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت لی، فیصلہ کن ٹی 20 میں 6 وکٹوں سے کامیابی
دوسری جانب زمبابوے کی کپتان میری اینی موسونڈا نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے موسم میں گرمی ضرور ہے لیکن ان کی ٹیم ون ڈے سیریز کے لیے بھرپور پریکٹس کررہی ہے۔
انہوں نے پاکستانی ٹیم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ میزبان ٹیم کو کسی صورت آسان نہیں لیں گی اور ان کی پوری کوشش ہوگی کہ میدان میں بہترین کھیل پیش کر کے سیریز کو یادگار بنائیں۔ دونوں کپتانوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو ایک سنسنی خیز سیریز دیکھنے کو ملے گی۔














