پاکستان کا جوہری پروگرام قومی سلامتی کا تقاضا، سنسنی خیزی مسترد

پیر 4 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کا جوہری پروگرام کسی ایک فرد کا کارنامہ نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط ریاستی حکمتِ عملی اور اجتماعی قومی صلاحیت کا نتیجہ ہے۔

حکام نے جوہری پروگرام کو سنسنی خیز بیانیے کے بجائے قومی سلامتی کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک سوچے سمجھے پالیسی فیصلے کے تحت تشکیل دی گئی، جس کا بنیادی مقصد خطے میں دفاعی توازن اور مؤثر ڈیٹرنس قائم کرنا تھا، نہ کہ کسی مہم جوئی کا مظاہرہ۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا جوہری پروگرام مثبت پیش رفت کی جانب گامزن ہے، آئی اے ای اے

اس ضمن میں واضح کیا گیا کہ جوہری سائنسدان عبدالقدیرخان کی خدمات اہم رہیں، تاہم یہ ایک وسیع ریاستی کوشش کا حصہ تھیں جس میں سائنسدانوں، انجینئرز، پالیسی سازوں اور اسٹریٹجک اداروں نے کردار ادا کیا۔

یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدہ کا فریق نہیں، اس لیے اس کا جوہری پروگرام ان ذمہ داریوں کے دائرے میں نہیں آتا جنہیں اس نے کبھی قبول ہی نہیں کیا۔

حکام کے مطابق پروگرام کو غیر قانونی یا محض خفیہ سرگرمیوں کا نتیجہ قرار دینا حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔

مزید پڑھیں: ’نیوکلیئر اسلامزم‘ کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن، پاکستان اور ایران کا تقابل حقائق کے منافی قرار

مزید کہا گیا کہ عالمی سطح پر دیگر اسٹریٹجک پروگرامز کی طرح پاکستان کی جوہری صلاحیت بھی مقامی ترقی، بیرونی پابندیوں اور پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی حالات کے امتزاج سے پروان چڑھی۔

اس کو ’چوری یا اسمگلنگ‘ جیسے بیانیوں سے جوڑنا نہ صرف حقائق کو مسخ کرتا ہے بلکہ ریاستی اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

حکام نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ عبدالقدیر خان کسی عالمی سطح پر مطلوب شخصیت تھے، جن سے متعلق سیکیورٹی اقدامات ریاستی تقاضوں کے تحت کیے گئے۔

مزید پڑھیں: امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں پاکستان ممکنہ خطرات کی فہرست میں شامل، میزائل صلاحیت پر تشویش کا اظہار

بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام ایک منظم، محفوظ اور مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کے تحت فعال ہے، جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوہری صلاحیت قومی عزم، ادارہ جاتی ترقی اور سلامتی کی ضرورت کا مظہر ہے، جسےغیر ذمہ دار یا غیر قانونی منصوبے کے طور پر پیش کرنا حقائق کے منافی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp