درجہ حرارت میں اضافہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کا انتباہ

پیر 4 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان بھی اس عالمی ماحولیاتی بحران سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ وقتوں میں اس کے مزید سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

ان کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل شدت اختیار کررہا ہے، جو مستقبل میں پانی کی قلت اور قدرتی آفات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق رواں سال گرمی کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے لیے بروقت اور مؤثر تیاری انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں اور عالمی سطح پر اسے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کے اثرات کم کرنے کے لیے فوری، مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے، بصورت دیگر آنے والے برسوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp