افواج پاکستان کا ’معرکہ حق‘ میں بھارت کو دیا گیا جواب ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، سردار یوسف

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علما و مشائخ کونسل کے اجلاس میں معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر آئندہ جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہاکہ علما و مشائخ کونسل پورے ملک میں کام کرتی ہے، اور یہ اجلاس ’معرکہ حق‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقد کیا گیا ہے، جس کا مقصد افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: معرکہ حق کی یاد منانا بھارت کے لیے واضح پیغام، چیلنجز کے مدمقابل ’بنیان مرصوص‘ کی مانند متحد ہیں، کور کمانڈرز کانفرنس

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے جس طرح جواب دیا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا، اور یہ ایک ایسا روشن باب ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ علمائے کرام ملک میں یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے علما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا اور رہنمائی فراہم کی۔

سردار محمد یوسف کے مطابق پاکستان نے اللہ کے فضل سے وہ مقام حاصل کیا ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے، اور آج دنیا پاکستان کے ثالثی کردار کی معترف ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی سفارتی کامیابیاں اپنی مثال آپ ہیں۔

اجلاس میں پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا ڈاکٹر محمد علی ابو تراب، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مولانا ابو بکر حمید صابری، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی، مولانا محمد الیاس مینگل، مولانا محمد منظور، محمد ظہیر الاسلام، مولانا تنویر احمد علوی، مفتی عبدالسلام جلالی، مولانا احد الرحمن، علامہ اختر عباس، علامہ ابو بکر حنیف، شیخ موسی جان مدنی، پیر ممتاز ضیا نظامی، احمد رضا، پروفیسر سجاد قمر، مفتی محمد خطیب مصطفائی اور قاری محبوب الرحمن شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، خواجہ آصف

علمائے کرام نے موجودہ حکومت کی قیادت، سفارت کاری، فیلڈ مارشل سید محمد عاصم منیر اور مسلح افواج کی دلیری و قابلیت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے پیش کردہ اعلامیہ کی تائید کی گئی، جبکہ آئندہ جمعہ 8 مئی کو ’معرکہ حق‘ کے ایک سال مکمل ہونے پر یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp