پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی: 200 یونٹ بجلی سبسڈی ختم، نیا نظام 2027 سے نافذ

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے موجودہ سبسڈی نظام ختم کر کے 2027 سے نیا ہدفی سبسڈی نظام نافذ کرے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ نیا نظام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کے ذریعے چلایا جائے گا تاکہ صرف مستحق صارفین کو سبسڈی دی جا سکے۔ اس تبدیلی کا مقصد سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنا اور بجلی کے شعبے میں شفافیت لانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجلی سبسڈی کی اجازت دے دی

رپورٹ کے مطابق حکومت نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ موجودہ بجٹ شدہ ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی اور کراس سبسڈی نظام کو ختم کر کے کم آمدنی والے صارفین کے لیے نیا نظام نافذ کرے گی، جس میں قومی سماجی و معاشی رجسٹری کے ڈیٹا کو استعمال کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق حکومت ایک نیا ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ سبسڈی کی ادائیگی بہتر اور شفاف طریقے سے ہو سکے۔ اس مقصد کے لیے ایک بیرونی فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں، جس کے تحت نہری پانی کے استعمال پر عائد فیس کو سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی نافذ کیا جائے گا، جو پہلے صرف پنجاب میں موجود تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان جلد ہی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس حوالے سے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 مئی کو واشنگٹن میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف وفدمعاشی جائزے کے لیے 25 فروری کو پاکستان آئے گا، اصلاحات کی تعریف

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے پانی کے استعمال پر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا نیا نظام بھی متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے، جو 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق حکومت ماحولیاتی مالی خطرات سے نمٹنے اور آفات کے انتظام کے لیے بھی ایک نیا فریم ورک تیار کر رہی ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp