10 مئی 2026 کو معرکہ حق کی تقریبات کے پیش نظر اسلام آباد میں شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک خصوصی ٹریفک ڈائیورژن پلان نافذ کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی انتظامات کے تحت اہم شاہراہوں پر عارضی پابندیاں اور متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کی سالگرہ، اسلام آباد کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کا شاندار فلائی پاسٹ
اسلام آباد پولیس کے مطابق معرکہ حق کی تقریبات کے باعث 10 مئی 2026 کو شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورژن نافذ رہے گا۔
پلان کے تحت سری نگر ہائی وے کو کوڑیانوالہ چوک سے پشاور موڑ تک دونوں اطراف سے بند رکھا جائے گا، جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے بھی فیض آباد سے خیابان چوک تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کی تفصیل بھی جاری کی ہے۔ موٹروے یا اسلام آباد چوک سے بھارہ کہو اور مری جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو، کرنل شیر خان روڈ (آئی جے پی) اور مری روڈ کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

اسی طرح مری یا بھارہ کہو سے موٹروے جانے والی ٹریفک کو فیض آباد، آئی جے پی روڈ اور 9th ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریڈ زون اور ملحقہ سیکٹرز کی طرف جانے والے شہری جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور 9th ایونیو کے ذریعے سفر کریں گے، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید یہ کہ راولپنڈی اسکیم تھری اور عمار چوک سے آنے والی ٹریفک کو راول روڈ، مری روڈ اور کلب روڈ کے ذریعے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔
پارک روڈ، کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ کو بھی مختلف سمتوں کے لیے متبادل کے طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کل بھرپور قومی جوش و جذبے سے منائی جائے گی
پولیس کے مطابق 10 مئی کو صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے اسلام آباد میں داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک ایل ٹی وی گاڑیوں کو روات ٹی کراس سے آگے راولپنڈی کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ٹریفک روانی برقرار رکھی جا سکے۔














