جنگ کے خاتمے سے زیادہ اہم ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، امریکی شہریوں کا ٹرمپ کو مشورہ

ہفتہ 9 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کی اکثریت کی رائے میں ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جائے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق سوشل میڈیا پر کیے گئے ایک پول میں عوام سے سوال کیا گیا تھا کہ امریکا کی ترجیح کیا ہونی چاہیے۔ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنا یا جاری تنازع کو ختم کرنا۔

نتائج کے مطابق زیادہ تر افراد نے ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کو ترجیح دی، جبکہ نسبتاً کم لوگوں نے فوری جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے حق میں رائے دی۔

ٹرمپ نے یہ نتائج شیئر کرتے ہوئے کہاکہ امریکی عوام کی اکثریت کے نزدیک جنگ ختم کرنے سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکا جائے۔

سروے کے مطابق 53 فیصد امریکی ووٹرز نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا لڑائی ختم کرنے سے زیادہ اہم ہے، جبکہ 60 فیصد افراد نے اس ترجیح کو امریکا میں توانائی کی قیمتوں کے استحکام سے بھی زیادہ اہم قرار دیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اپنے حالیہ بیانات میں بارہا یہ مؤقف دہرا چکے ہیں کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ فروری کے آخر میں شروع ہونے والے تنازع کے خاتمے کے لیے پیش کی گئی نئی تجویز پر ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے، تاہم صدر ٹرمپ کے بیانات میں اب بھی مختلف اور متضاد پیغامات دیکھے جا رہے ہیں۔

ٹرمپ مسلسل یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکا صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، ایران کی عسکری صلاحیت کمزور ہو چکی ہے اور تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔

وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی برقرار رہنی چاہیے۔

دوسری جانب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہماری تجاویز پر ایران کی جانب سے جواب کا انتظار ہے، اگر بات چیت آگے نہ بڑھی تو آپریشن پروجیکٹ فریڈم دوبارہ شروع کردیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp