وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام سے نکل کر ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جبکہ مختلف معاشی اشاریے مثبت سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:علاقائی غیر یقینی کے باوجود پاکستان کی معیشت سنبھلنے لگی، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد
خرم شہزاد نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اپریل 2026 کے دوران 4 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس سے مجموعی رجسٹریشن تقریباً 2 لاکھ 95 ہزار تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت دستاویزی معیشت، شفافیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی علامت ہے۔
𝗣𝗮𝗸𝗶𝘀𝘁𝗮𝗻 𝗜𝘀 𝗧𝘂𝗿𝗻𝗶𝗻𝗴 𝘁𝗵𝗲 𝗖𝗼𝗿𝗻𝗲𝗿
Let me share some recent factual developments and emerging silver linings that reflect how Pakistan’s story is gradually shifting from stabilization toward expansion.
Rising corporatization, renewed multinational… pic.twitter.com/ngLWeVxD7Z
— Khurram Schehzad (@kschehzad) May 9, 2026
انہوں نے بتایا کہ گوگل، بی وائی ڈی، آرامکو، علی بابا گروپ، بائننس، ترکش پیٹرولیم اور دیگر عالمی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی لے رہی ہیں، جو ملک کی طویل مدتی معاشی صلاحیت پر عالمی اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق ٹیلی کام شعبے میں بھی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور فائیو جی سروس کی تیاری جاری ہے، جبکہ نیسلے سمیت کئی کمپنیاں برآمدات پر مبنی آپریشنز کو وسعت دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف نے پاکستان پر کوئی نئی شرط عائد نہیں کی، خرم شہزاد
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026 کے دوران کارپوریٹ منافع، صنعتی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار مارچ 2026 میں 11 فیصد بڑھی، جبکہ برآمدات میں بھی سالانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافہ ہوا۔
مشیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور رواں سال دو دہائیوں کے بعد سب سے زیادہ 8 آئی پی اوز سامنے آئے ہیں، جو کاروباری اعتماد میں اضافے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاری معاشی اصلاحات کی بدولت پاکستان میں ایک مضبوط، شفاف اور سرمایہ کاری پر مبنی معیشت کی بنیاد مزید مستحکم ہو رہی ہے۔














