علاقائی غیر یقینی کے باوجود پاکستان کی معیشت سنبھلنے لگی، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

منگل 21 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ علاقائی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری کے ساتھ مختلف شعبوں میں مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے تفصیل سے حکومت کی معاشی و سفارتی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سفارتی کردار مضبوط ہو رہا ہے، جہاں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی میزبانی اور ثالثی سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ جاری رہتی تو پٹرول 600 روپے لیٹر ہو جاتا، پاکستانی قیادت نے 193 ممالک کی معیشت بچا لی، احسن اقبال

معاشی اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے انہوں نے بتایا ہے کہ مارچ 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ 1.07 ارب ڈالر سرپلس میں رہا، جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 163 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 9 ماہ میں 1.35 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

خرم شہزاد کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا، جو مالی سال 2026 میں 4.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

’ترسیلات زر بھی بڑھ کر 30.3 ارب ڈالر ہو چکی ہیں اور سال کے اختتام تک 41 ارب ڈالر سے تجاوز کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔‘

مشیر خزانہ کے مطابق صنعتی شعبے میں بھی استحکام برقرار ہے، جہاں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اپنے بیان میں مشیر خزانہ نے نجکاری کے عمل میں پیش رفت جس میں پی آئی اے کی نجکاری مکمل ہونے اور ڈسکوز سمیت روزویلٹ ہوٹل کے معاملات میں پیش رفت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس اور 5 ارب ڈالر کے رول اوور کو پاکستان کے لیے اہم سہارا قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملکی معیشت کے اہم اشاریے توقعات سے زیادہ تیزی سے بہتر ہوئے، گورنر اسٹیٹ بینک

’عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیز کا اعتماد بھی برقرار ہے، جہاں فچ ریٹنگز نے پاکستان کی ریٹنگ کو مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ برقرار رکھا ہے۔‘

اس کے علاوہ وزیر اعظم اور اعلیٰ حکام کے سعودی عرب، قطر، مصر اور ترکی کے دوروں کو سفارتی تعلقات کے فروغ میں اہم قرار دیا گیا۔

خرم شہزاد کے مطابق ان تمام عوامل سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام، اصلاحات اور عالمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اگر یہ رفتار برقرار رہی تو مستقبل میں مزید بہتری کے امکانات روشن ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp