کراچی کی سٹی کورٹ میں انمول عرف پنکی گینگ کی گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے پیشرفت رپورٹ جمع کرا دی۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے پنجاب میں روپوش ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گرفتاریوں کے لیے 2 پولیس افسران سمیت 4 اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ ون کو ٹیم کی منظوری کے لیے خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق درخشاں تھانے میں درج 4 مقدمات میں ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا، جس پر منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کا الزام ہے۔
خاتون کی بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیشی کا معاملہ سامنے آنے پر انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے بعد ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔














